ایٹلس ہونڈا نے ملک بھر میں موٹر سائیکل سواروں کے لیے ایک ایکسچینج اسکیم متعارف کرائی ہے، جس کے تحت پرانی ہونڈا سی ڈی 70 دے کر نئی ہونڈا سی ڈی 70 حاصل کی جا سکتی ہے۔
اس اسکیم کے تحت صارفین اپنی پرانی موٹر سائیکل ایٹلس ہونڈا کے مجاز تھری ایس ڈیلرشپ سینٹر پر لے جائیں گے، جہاں تکنیکی ٹیم موٹر سائیکل کے انجن، فریم اور مجموعی حالت کا معائنہ کرے گی۔ اس جائزے کے بعد موٹر سائیکل کی موجودہ حالت اور ماڈل کے مطابق اس کی قیمت مقرر کی جائے گی۔
پرانی موٹر سائیکل کی طے شدہ قیمت نئی سی ڈی 70 کی قیمت میں سے منہا کردی جائے گی، جس کے بعد صارف کو صرف باقی رقم ادا کرنا ہوگی۔
پاکستان میں ہونڈا سی ڈی 70 کی موجودہ قیمت 1 لاکھ 59 ہزار 900 روپے بتائی گئی ہے۔ تاہم کمپنی کے مطابق پرانی موٹر سائیکل کی کوئی مقررہ قیمت نہیں ہوگی بلکہ اس کا انحصار ماڈل، مکینیکل حالت اور ظاہری صورتحال پر ہوگا۔
صارفین اس ایکسچینج اسکیم سے فائدہ اٹھانے کے لیے اپنے قریبی مجاز ایٹلس ہونڈا شو روم یا تھری ایس ڈیلرشپ سے رجوع کرسکتے ہیں۔






