لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے محفوظ پنجاب وژن کے تحت سی سی ڈی، ضلعی پولیس اور سیف سٹی کی مشترکہ حکمت عملی کے مثبت نتائج سامنے آنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
ترجمان سیف سٹی کے مطابق گزشتہ روز پنجاب کے 28 سیف سٹی کورڈ اضلاع میں ڈکیتی، راہزنی اور سنیچنگ کی ایک بھی ایمرجنسی 15 کال رپورٹ نہیں ہوئی۔
ترجمان کے مطابق خوشاب، کوٹ ادو، رحیم یار خان، شیخوپورہ اور سیالکوٹ کے سیف سٹی کورڈ علاقوں میں سنگین جرائم کی صرف ایک ایک ایمرجنسی کال رپورٹ ہوئی۔
سیف سٹی حکام کا کہنا ہے کہ اے آئی بیسڈ کیمروں، جدید سرویلنس، لائیو مانیٹرنگ اور ویڈیو اینالیٹکس کے ذریعے جرائم کی بروقت نشاندہی اور روک تھام میں مدد مل رہی ہے۔
ترجمان کے مطابق پنجاب کے 43 اسمارٹ سیف سٹی سینٹرز سے 24 گھنٹے نگرانی کی جا رہی ہے جبکہ ڈیجیٹل شواہد کے ذریعے پولیس کو فوری معلومات اور معاونت فراہم کی جارہی ہے۔
حکام کے مطابق سی سی ڈی، ضلعی پولیس اور سیف سٹی کی مربوط حکمت عملی کے تحت محفوظ پنجاب وژن پر عملدرآمد جاری ہے۔






