ایپل نے ‘آئی فون ایکس’ ناکارہ موبائل فونز کی فہرست میں شامل کر دیا، اب کیا ہوگا؟

ایپل نے باضابطہ طور پر اپنے مشہور فون آئی فون ایکس اور 2018 کے 15 انچ میک بک پرو لیپ ٹاپ کو اپنی پرانی اور ناکارہ مصنوعات کی فہرست میں شامل کر لیا ہے۔ اس کا مطلب یہ ہے کہ اب ایپل کمپنی ان دونوں ڈیوائسز کی مرمت کے لیے باضابطہ مدد فراہم نہیں کرے گی۔

یہ فیصلہ آئی فون ایکس کے لانچ ہونے کے تقریباً نو سال بعد سامنے آیا ہے، جس کے بعد اگر آپ کے پاس یہ فون موجود ہے تو اسے ایپل کے آفیشل آؤٹ لیٹس سے مرمت نہیں کروایا جاسکے گا۔

آئی فون ایکس ایپل کا ایک خاص فون تھا، جو 2017 میں متعارف کرایا گیا تھا اور اسے ایپل کی تاریخ کے اہم آئی فون ماڈلز میں شمار کیا جاتا ہے۔ اس فون میں پہلی مرتبہ فیس آئی ڈی، ہوم بٹن کے بغیر ڈیزائن اور کناروں تک پھیلا ہوا او ایل ای ڈی ڈسپلے متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد آنے والے کئی آئی فونز میں بھی یہی ڈیزائن اور ٹیکنالوجی نظر آئی۔

اب کئی سال تک اس فون کو سپورٹ کرنے اور اس کے پرزے فراہم کرنے کے بعد کمپنی نے اس کی باضابطہ مرمت کا کام بند کردیا ہے۔

اگر آپ اب بھی آئی فون ایکس استعمال کر رہے ہیں تو اس کے ناکارہ فہرست میں شامل ہونے کا ہرگز یہ مطلب نہیں کہ آپ کا فون اچانک کام کرنا بند کردے گا یا اسے استعمال نہیں کیا جاسکے گا۔ فون معمول کے مطابق چلتا رہے گا، صرف یہ ہوگا کہ اگر اس کے ہارڈویئر میں کوئی بڑی خرابی پیدا ہوتی ہے تو ایپل کی جانب سے باضابطہ مرمت حاصل کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

اس حوالے سے ایپل کی پالیسی واضح ہے، جس کے بارے میں کمپنی کا کہنا ہے کہ جب کوئی بھی چیز اس کی پرانی اور ناکارہ مصنوعات کی فہرست میں شامل ہوجاتی ہے تو ایپل کے اپنے اسٹورز اور اس کے منظور شدہ دکاندار اس چیز کے نئے پرزے آرڈر نہیں کرسکتے۔ اس لیے اب اس فون کے ہارڈویئر کے مسئلے پر ایپل سے مدد نہیں لی جاسکتی۔

ایپل کا اصول ہے کہ وہ عام طور پر کسی پروڈکٹ کی فروخت بند ہونے کے سات سال سے زیادہ عرصہ گزرنے کے بعد اسے ’ناکارہ‘ قرار دیتا ہے۔ اس سے پہلے پانچ سال سے زیادہ پرانی ڈیوائسز کو ’ونٹیج‘ کیٹیگری میں رکھا جاسکتا ہے۔ ونٹیج مصنوعات میں بعض صورتوں میں محدود مرمت دستیاب رہتی ہے، لیکن یہ اس بات پر منحصر ہوتا ہے کہ متعلقہ پرزے موجود ہیں یا نہیں۔

آئی فون ایکس کے لیے اب کوئی نیا سافٹ ویئر بھی جاری نہیں کیا جائے گا اور اس کی آخری اپ ڈیٹ آچکی ہے۔ اسی طرح 2018 کے میک بک پرو لیپ ٹاپ کے لیے بھی نئی اپ ڈیٹس ختم ہوچکی ہیں۔

تاہم، لیپ ٹاپ استعمال کرنے والوں کے لیے ایک چھوٹی سی رعایت رکھی گئی ہے۔ کمپنی کے مطابق میک لیپ ٹاپ کی بیٹریاں ان کے آخری بار فروخت ہونے کے دس سال بعد تک بھی تبدیل کی جاسکتی ہیں، لیکن اس کا انحصار اس بات پر ہے کہ کمپنی کے پاس وہ بیٹریاں موجود ہوں گی یا نہیں۔

عام آدمی اور آئی فون ایکس یا میک بک استعمال کرنے والوں کے لیے آسان الفاظ میں اس خبر کا نچوڑ یہ ہے کہ آپ کی ڈیوائسز ویسے ہی کام کرتی رہیں گی جیسے پہلے کررہی تھیں۔ فرق صرف اتنا ہے کہ اگر ان میں کوئی خرابی آتی ہے یا کوئی پرزہ ٹوٹ جاتا ہے تو اب انہیں ایپل کے بڑے شوروم کے بجائے باہر کے عام دکانداروں سے ٹھیک کروانا پڑے گا۔