سام سنگ کے فولڈ ایبل اسمارٹ فونز سے متعلق ایک نئی لیک میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ کمپنی 2027 کے دوران پانچ نئے فولڈ ایبل فلیگ شپ ڈیوائسز متعارف کرانے پر کام کر رہی ہے، جن میں ممکنہ طور پر پہلی رول ایبل ڈسپلے والی ڈیوائس بھی شامل ہو سکتی ہے۔
لیک کے مطابق ان نئے ماڈلز کے کوڈ نیمز بی 9، ایچ 9، کیو 9 اے، کیو 9 بی اور زیڈ 9 ہیں۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ بی 9 ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فلِپ 9 جبکہ ایچ 9 گلیکسی زیڈ فولڈ 9 کا کوڈ نیم ہو سکتا ہے، کیونکہ اس سے قبل فلِپ 8 اور فولڈ 8 کے کوڈ نیم بالترتیب بی 8 اور ایچ 8 سامنے آئے تھے۔
لیک کے مطابق کیو 9 اے اور کیو 9 بی ممکنہ طور پر گلیکسی زیڈ فولڈ 9 الٹرا اور ٹرائی فولڈ 2 کے مختلف ورژنز ہو سکتے ہیں، تاہم اس حوالے سے ابھی کوئی باضابطہ تصدیق موجود نہیں۔
سام سنگ کے آنے والے ڈیوائسز میں زیڈ 9 کوڈ نیم نے سب سے زیادہ توجہ حاصل کی ہے۔ اطلاعات کے مطابق یہ ڈیوائس روایتی اسمارٹ فون کے بجائے ہارڈویئر کے لحاظ سے کسی ٹیبلیٹ جیسی دکھائی دے سکتی ہے، جس سے قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کہ یہ سام سنگ کی پہلی رول ایبل ڈسپلے والی ڈیوائس ہو سکتی ہے۔
تاہم سام سنگ نے ان اطلاعات پر ابھی تک کوئی باضابطہ بیان جاری نہیں کیا، اس لیے ان دعوؤں کو فی الحال لیکس اور افواہوں کے طور پر ہی دیکھا جا رہا ہے۔






