پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ہے، جہاں پولیس ذرائع کے مطابق قتل کے مبینہ مرکزی ملزم کا نام سامنے آگیا ہے۔
پولیس ذرائع کے مطابق نارووال کے رہائشی زمان کوگی نے مبینہ طور پر شوٹرز کے ذریعے عبداللہ طاہر کو قتل کروایا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں کے درمیان ریت کے ٹھیکے کے معاملے پر تنازع چل رہا تھا۔
پولیس کے مطابق زمان کوگی نے عبداللہ طاہر کو نارووال میں ریت کا ٹھیکہ لینے سے منع کیا تھا، تاہم عبداللہ طاہر نے مبینہ طور پر اس کے باوجود ٹھیکہ حاصل کیا، جس کے بعد دونوں کے درمیان رنجش پیدا ہوئی۔
ذرائع کے مطابق اسی تنازع کی بنیاد پر زمان کوگی نے مبینہ طور پر شوٹرز کے ذریعے عبداللہ طاہر کو قتل کروایا۔
پولیس حکام کے مطابق مبینہ ملزم زمان کوگی اس وقت امریکا میں مقیم ہے، جبکہ اس کی گرفتاری کے لیے ریڈ وارنٹ جاری کرنے کا عمل شروع کیا جا رہا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ قانونی کارروائی مکمل ہونے کے بعد ملزم کو بیرون ملک سے گرفتار کرنے کی کوشش کی جائے گی۔
پولیس کے مطابق کیس کی مزید تفتیش جاری ہے اور تمام شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔






