چیٹ کھولنے سے پہلے صارفین کو وارننگ اور اضافی معلومات فراہم کی جائیں گی
میٹا کی ملکیت والی میسجنگ ایپ واٹس ایپ نے صارفین کو آن لائن فراڈ سے محفوظ رکھنے کے لیے ایک نیا سکیورٹی فیچر متعارف کرانے کا فیصلہ کیا ہے، جس کے تحت نامعلوم نمبروں سے موصول ہونے والے پیغامات کے بارے میں چیٹ کھولنے سے پہلے ہی اہم معلومات فراہم کی جائیں گی۔
رپورٹس کے مطابق یہ فیچر اینڈرائیڈ اور آئی او ایس دونوں صارفین کے لیے متعارف کرایا جا رہا ہے۔ اس کا مقصد صارفین کو کسی نامعلوم نمبر سے رابطہ کرنے یا چیٹ شروع کرنے سے پہلے ممکنہ خطرات سے آگاہ کرنا ہے۔
نئے فیچر کے تحت واٹس ایپ صارف کو بتائے گا کہ متعلقہ فون نمبر کس ملک میں رجسٹرڈ ہے، آیا اسے کانٹیکٹ کے طور پر محفوظ کرنا محفوظ ہو سکتا ہے یا نہیں، اور کیا دونوں صارفین کسی مشترکہ گروپ کا حصہ ہیں۔
واٹس ایپ کا کہنا ہے کہ ان معلومات کی مدد سے صارف بہتر فیصلہ کر سکے گا کہ آیا نامعلوم نمبر سے گفتگو جاری رکھنی ہے یا نہیں، جبکہ پیغام بھیجنے والے شخص کو اس حوالے سے کوئی اطلاع موصول نہیں ہوگی۔
فی الحال واٹس ایپ کے زیادہ تر سکیورٹی فیچرز چیٹ شروع ہونے کے بعد متحرک ہوتے ہیں، تاہم نیا فیچر کسی بھی ممکنہ رابطے سے قبل صارف کو خبردار کرے گا، جس سے فراڈ اور دھوکا دہی کی کوششوں کو ناکام بنانے میں مدد ملے گی۔
عموماً فراڈ کرنے والے افراد نامعلوم نمبروں سے پیغام بھیج کر خود کو جاننے والا ظاہر کرتے ہیں اور نیا نمبر استعمال کرنے کا بہانہ بناتے ہیں۔ صارفین اکثر اس پر شک نہیں کرتے، جس کا فائدہ اسکیمرز اٹھاتے ہیں۔
نئے سکیورٹی فیچر کے ذریعے صارفین کو ابتدا ہی میں معلوم ہو جائے گا کہ پیغام بھیجنے والا نمبر کس ملک سے رجسٹرڈ ہے اور آیا اس میں کوئی مشکوک پہلو موجود ہے یا نہیں، جس سے واٹس ایپ فراڈ کے خطرات میں نمایاں کمی لانے کی توقع کی جا رہی ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں





