آئی فون میں کیا نیا ہوگا؟ اہم فیچرز کی ابتدائی تفصیلات سامنے آگئیں

ایپل اپنے اگلے موبائل آپریٹنگ سسٹم iOS 27 پر کام تیزی سے جاری رکھے ہوئے ہے، اور ابتدائی اطلاعات کے مطابق کمپنی اس بار ظاہری تبدیلیوں کے بجائے کارکردگی، مصنوعی ذہانت اور صارف کے تجربے کو بہتر بنانے پر توجہ دے رہی ہے۔ نئی اپ ڈیٹ کا مقصد آئی فون کو مزید تیز، مستحکم اور اسمارٹ بنانا بتایا جا رہا ہے۔

رپورٹس کے مطابق iOS 27 میں کسی بڑے ڈیزائن اوورہال کی توقع نہیں، البتہ سسٹم پرفارمنس، بیٹری ایفیشنسی اور مجموعی استحکام میں نمایاں بہتری متعارف کرائی جائے گی۔ اسی نوعیت کی اپ گریڈز iPadOS، macOS، watchOS، tvOS اور visionOS میں بھی شامل کیے جانے کا امکان ہے۔نئے آپریٹنگ سسٹم کا سب سے نمایاں فیچر Siri کا جدید ترین ورژن ہوگا، جسے جنریٹو اے آئی ٹیکنالوجی کی مدد سے مزید باصلاحیت بنایا جا رہا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایپل اس مقصد کے لیے جدید اے آئی ماڈلز سے تعاون حاصل کر رہا ہے تاکہ Siri زیادہ قدرتی انداز میں گفتگو کر سکے، پیچیدہ ہدایات سمجھ سکے اور متعدد مراحل پر مشتمل کام باآسانی انجام دے سکے۔ذرائع کے مطابق Siri کے انٹرفیس میں بھی نمایاں تبدیلیاں متوقع ہیں اور ممکن ہے کہ اسے Dynamic Island کے ساتھ زیادہ مربوط انداز میں پیش کیا جائے۔ اس کے علاوہ ” Search or Ask” نامی نیا فیچر سرچ، نوٹس، Siri اور ایپ شارٹ کٹس کو ایک ہی جگہ پر یکجا کر سکتا ہے۔

اطلاعات یہ بھی ہیں کہ ایپل پہلی مرتبہ Siri کو ایک الگ اے آئی ایپ کی شکل میں متعارف کرا سکتا ہے، جو جدید چیٹ بوٹس کی طرز پر طویل گفتگو، تصاویر اور فائلز اپ لوڈ کرنے اور چیٹ ہسٹری مینجمنٹ جیسی سہولیات فراہم کرے گی۔مزید برآں، iOS 27 میں اے آئی سے چلنے والی ویب سرچ، ذاتی نوعیت کی تجاویز اور صارف کی عادات کو سمجھنے والی اسمارٹ فیچرز بھی شامل کیے جانے کی توقع ہے۔ مثال کے طور پر سسٹم صارف کے معمولات کو مدنظر رکھتے ہوئے سفر یا اہم سرگرمیوں کے لیے بروقت الرٹس دے سکے گا۔

رپورٹس کے مطابق بعض پرانے آئی فون ماڈلز، خصوصاً آئی فون 11 سیریز اور آئی فون SE (دوسری جنریشن)، ممکنہ طور پر اس اپ ڈیٹ کی سپورٹ سے محروم رہ سکتے ہیں۔ اس کے علاوہ کہا جا رہا ہے کہ iOS 27 کو مستقبل کے فولڈ ایبل آئی فون کو مدنظر رکھتے ہوئے بھی ڈیزائن کیا جا رہا ہے، جس میں ملٹی ونڈو اور بہتر ملٹی ٹاسکنگ جیسی خصوصیات شامل ہوں گی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close