دبئی (آئی این پی) اسکاٹ لینڈ کرکٹ اور نیدرلینڈز کرکٹ بورڈ نے 2027 ون ڈے ورلڈکپ کے فارمیٹ میں ٹورنامنٹ سے 18 ماہ سے بھی کم عرصہ قبل تبدیلی پر آئی سی سی سے شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے۔
نئے فارمیٹ کے تحت کوالیفائی کرنے والی 12ویں، 13ویں اور 14ویں ٹیمیں ایک سپر سیریز میں مدمقابل ہوں گی، جس میں سے صرف ایک ٹیم ورلڈکپ کے اگلے مرحلے میں جگہ بنا سکے گی۔
دونوں کرکٹ بورڈز کا کہنا ہے کہ اس تبدیلی سے ایسوسی ایٹ ممالک کے لیے عالمی سطح پر مقابلے کے مواقع محدود ہوں گے اور گزشتہ چند برسوں کے دوران کرکٹ کو عالمی سطح پر فروغ دینے کی کوششوں کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔
اسکاٹ لینڈ اور نیدرلینڈز کے مطابق انہوں نے دیگر ایسوسی ایٹ بورڈز کے ساتھ مل کر آئی سی سی سے دو مرتبہ ملاقات کی اور فارمیٹ میں تبدیلی کی تحریری وضاحت کے ساتھ ساتھ آئندہ فیصلوں میں بہتر مشاورت کا مطالبہ کیا، تاہم دوسری ملاقات کو دو ہفتے گزرنے کے باوجود آئی سی سی کی جانب سے کوئی جواب نہیں دیا گیا۔
دونوں بورڈز نے کہا کہ ورلڈکپ کوالیفکیشن کا ڈھانچہ اچانک تبدیل کرنے سے ٹیموں کی منصوبہ بندی، مالی معاملات اور کھلاڑیوں کی تیاری متاثر ہوتی ہے۔
انہوں نے آئی سی سی پر زور دیا کہ وہ ایسوسی ایٹ ممالک سے دوبارہ رابطہ کرے اور عالمی کرکٹ کے مستقبل سے متعلق فیصلوں میں شفاف اور مؤثر مشاورت یقینی بنائے۔






