لاہور: پاکستان کرکٹ ٹیم کے دورہ ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے لیے فاسٹ بولنگ لائن اپ کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔ ٹیم مینجمنٹ اور سلیکشن کمیٹی نے چار فاسٹ بولرز اور ایک فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر پر مشتمل اسکواڈ کی منظوری دے دی۔
ذرائع کے مطابق فاسٹ بولرز میں محمد علی، محمد عباس، خرم شہزاد اور عبید شاہ شامل ہیں، جبکہ فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر کے طور پر عامر جمال کو منتخب کیا گیا ہے۔
دورہ بنگلا دیش کے اسکواڈ میں شامل شاہین شاہ آفریدی، حسن علی اور حماد بٹ کو اس بار ٹیم میں جگہ نہیں مل سکی۔
20 سالہ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بولر عبید شاہ، جن کا تعلق لوئر دیر سے ہے، پہلی مرتبہ قومی ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔ انہوں نے 16 فرسٹ کلاس میچز میں 25.20 کی اوسط سے 72 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔ عبید شاہ قومی ٹیم کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کے چھوٹے بھائی ہیں۔
36 سالہ محمد عباس اسکواڈ کے سب سے تجربہ کار فاسٹ بولر ہیں۔ وہ اب تک 29 ٹیسٹ میچز میں 23.23 کی اوسط سے 110 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
33 سالہ محمد علی بھی قومی ٹیم میں واپسی کر رہے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ ستمبر 2024 میں بنگلا دیش کے خلاف راولپنڈی میں کھیلا تھا۔ وہ اب تک 4 ٹیسٹ میچز میں 6 وکٹیں حاصل کر چکے ہیں۔
منڈی بہاؤالدین سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ خرم شہزاد نے 7 ٹیسٹ میچز میں 27.39 کی اوسط سے 28 وکٹیں حاصل کی ہیں اور وہ اسکواڈ میں چوتھے اسپیشلسٹ فاسٹ بولر ہوں گے۔
فاسٹ بولنگ آل راؤنڈر عامر جمال بھی قومی ٹیم میں واپس آ گئے ہیں۔ انہوں نے اپنا آخری ٹیسٹ جنوری 2025 میں جنوبی افریقا کے خلاف کیپ ٹاؤن میں کھیلا تھا۔ میانوالی سے تعلق رکھنے والے عامر جمال پاکستان کی جانب سے 8 ٹیسٹ میچز میں 352 رنز بنانے کے ساتھ 21 وکٹیں بھی حاصل کر چکے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






