پاکستان کے بڑے کرکٹر نے انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا

اسلام آباد(آئی این پی)پاکستان کرکٹ ٹیم کے دائیں ہاتھ کے بیٹر اسد شفیق نے پروفیشنل (انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک)کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کر دیا،اسد شفیق نے کہا کہ وہ پیٹرن ٹرافی میں مزید تین میچز کھیلنے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ سے ریٹائر ہو جائیں گے،اتوار کو کراچی وائٹس نے نیشنل ٹی 20کپ کے فائنل میں ایبٹ آباد کو دلچسپ مقابلے کے بعد 9رنز سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا،میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے اسد شفیق کا کہنا تھا کہ آج میں کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لے رہا ہوں،

پیٹرنز ٹرافی کے تین میچز کھیلنے کے بعد ڈومیسٹک کرکٹ سے بھی ریٹائر ہوجائوں گا،اسد شفیق کا کہنا تھا کہ اب میں وہ جوش محسوس نہیں کررہا تھا جو شروع میں تھا، پورے کیریئر میں جن لوگوں نے سپورٹ کیا ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں، پی سی بی نے سلیکشن کمیٹی میں شمولیت کی پیشکش کی ہے، خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں ہوں کہ تینوں فارمیٹ میں پاکستان کی نمائندگی کی،اسد شفیق نے مزید کہا کہ 2010کے واقعے کے بعد کافی مشکل تھا، عوام کا اعتماد بحال کرنا اہم تھا، کسی کیلئے بھی ملک کی نمائندگی کرنا بہت اعزاز کی بات ہے، مجھ پر ریٹائرمنٹ کیلئے کوئی دبائو نہیں تھا، یہ میرا اپنا فیصلہ ہے، مجھ پر فیصلے کیلئے کوئی دبا نہیں تھا،انہوں نے کہا کہ کرکٹ سے محبت ہے مگر عمر بڑھنے کے ساتھ جوش ختم ہو جاتا ہے، جب ٹیسٹ کے نمبر ون بنے وہ یادگار ترین لمحہ تھا، ورلڈ کپ سیمی فائنل کھیلنا بھی یادگار تھا، کوئی ایسا لمحہ نہیں جس کو کہوں کہ مایوس کن رہا ہو۔پریس کانفرنس کے دوران اپنی گفتگو میں اسد شفیق نے مزید کہا کہ یہ سیزن شروع ہونے سے قبل فیصلہ کر لیا تھا کہ یہ میرا آخری سیزن ہو گا،

ابھی نئی ذمہ داری کا معاہدہ سائن نہیں کیا، سلیکشن کا پراسیس سمجھنا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جب مجھے ڈراپ کیا گیا تو کہا گیا تھا کہ فارم نہیں، ڈومیسٹک میں رنز کریں اور کم بیک کریں، کس پلیئر کو کتنا موقع ملتا ہے یہ سلیکٹرز اور بورڈز کے اعتماد کی بات ہے، مصباح الحق میرے لئے سب سے بہترین کپتان رہے، مصباح نے نوجوان ٹیم کو نمبر ون پوزیشن دلوائی۔اسد شفیق نے کہا کہ میرا فوکس ہمیشہ ٹیسٹ کرکٹ رہا اس لیے ٹی 20پر زیادہ فوکس نہیں رہا ، ایڈیلیڈ ٹیسٹ ہمیشہ یاد رہے گا، اگر جیت جاتے تو اور بھی اچھا ہو جاتا، جاوید میانداد کا ریکارڈ توڑنا بھی میرے لیے فخر کی بات ہے،اسد شفیق کی جانب سے پروفیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کے اعلان کے بعد ساتھی کھلاڑیوں نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔واضح رہے کہ اسد شفیق نے 191فرسٹ کلاس میچز میں 12042جبکہ 162لسٹ اے میچز میں 5784رنز بنائے، دائیں ہاتھ کے بیٹر نے مجموعی طور پر ٹی 20کے127میچز کھیل کر 2698رنز سکور کیے۔یاد رہے کہ اسد شفیق نے تینوں فارمیٹ میں پاکستان کرکٹ ٹیم کی نمائندگی کی۔ 2010میں انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے اسد شفیق نے پاکستان کی جانب سے 77ٹیسٹ، 60ایک روزہ میچز اور 10ٹی 20میچز کھیلے،انہوں نے ٹیسٹ میچز میں 38.19کی اوسط سے 4ہزار 660رنز اسکور کیے جس میں 12سنچریاں شامل تھیں، اسد شفیق نے ایک روزہ میچز میں ایک ہزار 336رنز اور ٹی 20انٹرنیشنل میں 192رنز سکور کیے۔

close