بلال اظہر کیانی کا جہلم کے پٹرول پمپس کا دورہ، فیول ریلیف سکیم پر عمل درآمد کا جائزہ

وزیر مملکت برائے خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم کے مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کرکے وزیراعظم فیول ریلیف سکیم پر عمل درآمد اور شہریوں کی رجسٹریشن کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

بلال اظہر کیانی نے پٹرول پمپس پر مسلم لیگ (ن) کے کارکنوں کی جانب سے قائم رجسٹریشن کیمپس کا معائنہ کیا۔ انہوں نے شہریوں کے 9771 پر پیغام بھیجنے، رجسٹریشن کرنے اور ٹوکن حاصل کرنے کا عمل دیکھا، بعض شہریوں کی رجسٹریشن میں خود مدد کی اور ٹوکن ملنے کے بعد ان کی موٹر سائیکلوں میں پٹرول بھی ڈالا۔

وزیر مملکت نے انتظامیہ کو ڈی ایچ کیو ہسپتال اور سرکاری کالجوں کے باہر بھی رجسٹریشن کیمپس قائم کرنے کی ہدایت کی۔ ڈپٹی کمشنر جہلم میر رضا اوزگن، ضلعی انتظامیہ اور پولیس کے حکام بھی دورے کے دوران ان کے ہمراہ تھے۔

شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وہ وزیراعظم شہباز شریف کی ہدایت پر جہلم، سوہاوہ اور دینہ کے پٹرول پمپس کا خود دورہ کر رہے ہیں تاکہ مستحق افراد تک ریلیف کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔ ان کے مطابق ٹوکن کے اجرا اور رعایتی پٹرول کی فراہمی کی ڈیجیٹل نگرانی بھی جاری ہے۔

انہوں نے کہا کہ موٹر سائیکل سواروں کو 500 روپے کا ٹوکن جاری کیا جا رہا ہے، جس کے تحت وہ 600 روپے کا پٹرول ڈلوانے پر 100 روپے ادا کریں گے۔ ان کے مطابق 800 سی سی گاڑیوں کے مالکان کو ماہانہ تین ہزار روپے کی سبسڈی ملے گی۔

جہلم پہنچنے پر بلال اظہر کیانی کی زیر صدارت اجلاس میں ضلعی حکام نے انہیں ضلع کے 91 پٹرول پمپس پر سکیم کے نفاذ سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر مملکت جمعرات کو بھی پٹرول پمپس اور رجسٹریشن کیمپس کا دورہ کریں گے۔