پاکستان پر ڈرون حملے کی کوشش ناکام

اسلام آباد: سیکیورٹی ذرائع کے مطابق 23 ستمبر کو افغان طالبان رجیم کی جانب سے پاکستانی حدود میں کی جانے والی دراندازی اور ڈرون حملے کی کوشش کو پاک فضائیہ اور مؤثر ایئر ڈیفنس سسٹم نے ناکام بناتے ہوئے تمام ڈرونز فضا میں ہی تباہ کردیئے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کرم سیکٹر کے قریب افغان طالبان رجیم کی جانب سے بھیجے گئے متعدد ڈرونز پاکستانی فضائی حدود میں داخل ہوئے تھے، جنہیں پاکستانی دفاعی نظام نے بروقت شناخت کرکے نشانہ بنایا۔

افواج پاکستان نے گرائے جانے والے ان ڈرونز کا ملبہ مکمل طور پر اپنی تحویل میں لے لیا ہے اور اس بات کی تکنیکی جانچ پڑتال شروع کردی گئی ہے کہ یہ کس نوعیت کے آلات اور ٹیکنالوجی پر مشتمل تھے۔

واضح رہے کہ اس واقعے سے ایک روز قبل بھی افواج پاکستان نے کرم سیکٹر ہی میں افغان طالبان کے اشتعال انگیز اقدامات اور فائرنگ کے جواب میں ان کے متعدد مورچوں اور ٹھکانوں کو مؤثر کارروائی کا نشانہ بنا کر تباہ کیا تھا۔

عسکری حکام کا کہنا ہے کہ یہ حالیہ ڈرون حملے اور دراندازیاں افغان طالبان رجیم کی جانب سے دہشت گردوں کی براہ راست معاونت اور سرپرستی کا منہ بولتا ثبوت ہیں۔

سیکیورٹی ذرائع نے دوٹوک الفاظ میں واضح کیا ہے کہ پاک افغان بارڈر پر پاک فضائیہ اور سیکیورٹی اداروں کا تشخیصی و دفاعی نظام چوبیس گھنٹے مکمل طور پر مستعد اور متحرک ہے۔

ذرائع کے مطابق افواج پاکستان مادر وطن کے دفاع اور افغان طالبان رجیم کی ہر قسم کی زمینی، ہوائی اور دہشت گردانہ دراندازی کو ناکام بنانے کے لیے مکمل عزم، افرادی قوت اور بھرپور دفاعی صلاحیت رکھتی ہیں۔