دودھ دہی کی قیمتیں بے قابو

ضلعی انتظامیہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر فروخت یقینی بنانے میں ناکام ہوگئی، اوپن مارکیٹ میں دونوں اشیا سرکاری نرخ سے کہیں زیادہ قیمت پر فروخت ہونے لگیں۔

ضلعی انتظامیہ کی جانب سے دودھ کی سرکاری قیمت 170 روپے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، تاہم اوپن مارکیٹ میں دودھ 210 سے 230 روپے فی لیٹر تک فروخت کیا جا رہا ہے۔

دوسری جانب دہی بھی سرکاری نرخ کے بجائے اوپن مارکیٹ میں 240 سے 260 روپے فی کلو تک فروخت ہونے لگا ہے۔

شہریوں کا کہنا ہے کہ سرکاری نرخ مقرر ہونے کے باوجود دکاندار من مانے ریٹس وصول کر رہے ہیں، جس کے باعث عوام کو اضافی مالی بوجھ برداشت کرنا پڑ رہا ہے۔

شہریوں نے ضلعی انتظامیہ کے افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ دودھ اور دہی کی سرکاری قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور زائد قیمت وصول کرنے والے دکانداروں کے خلاف کارروائی کی جائے۔