وزیر مملکت خزانہ اور ریلوے بلال اظہر کیانی کا جہلم میں پٹرول پمپس کا دورہ، فیول رجسٹریشن ڈیسک کا بھی معائینہ کیا

وزیر مملکت خزانہ و ریلوے بلال اظہر کیانی نے جہلم میں پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور فیول رجسٹریشن ڈیسک کا معائنہ بھی کیا، جبکہ 6 گھنٹے سے زائد جاری رہنے والی کھلی کچہری میں عوامی مسائل سن کر فوری حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

جہلم میں وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے ضلعی انتظامیہ کے حکام کے ہمراہ مختلف پٹرول پمپس کا دورہ کیا اور وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو سستے پٹرول کی فراہمی کے جاری عمل کا مشاہدہ کیا۔ اس موقع پر انہوں نے شہریوں سے بات چیت بھی کی۔

وزیر مملکت نے مفت فون نمبر 9771 پر پیغام بھیجنے اور اس کے جواب موصول ہونے کے عمل کا بھی عملی مشاہدہ کیا۔

بلال اظہر کیانی نے شہریوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ فیول سبسڈی اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، چنگ چی رکشے اور 800 سی سی تک کی گاڑیاں استعمال کرنے والے عوام کو پٹرول فراہم کیا جا رہا ہے۔ عوام سے بات چیت کرکے خوشی اور اطمینان ہوا کہ ریلیف کی فراہمی کا عمل بتدریج تیز ہو رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ خطے کی کشیدہ صورتحال کے نتیجے میں تیل کی قیمتوں کے اثرات سے تمام ممالک متاثر ہو رہے ہیں۔ وزیراعظم شہباز شریف اپنے عوام کو مہنگائی سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر رہے ہیں۔

دریں اثنا وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے جہلم میں کھلی کچہری بھی منعقد کی، جہاں انہوں نے 6 گھنٹے سے زائد وقت تک عوام کے مسائل اور شکایات سنیں۔ اس موقع پر ضلعی انتظامیہ، پولیس اور دیگر محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔

شہریوں نے بجلی، پانی، سیوریج، محکمہ مال، زمینوں، بیت المال، روزگار اور ذاتی تنازعات سمیت مختلف مسائل سے وزیر مملکت کو آگاہ کیا، جس پر بلال اظہر کیانی نے موقع پر ہی متعلقہ حکام کو مسائل کے حل کے لیے احکامات جاری کیے۔

کھلی کچہری میں وزیراعظم فیول سبسڈی اسکیم کا رجسٹریشن ڈیسک بھی قائم کیا گیا تھا، جہاں شہریوں کو رجسٹریشن کے حوالے سے سہولت فراہم کی گئی۔

یاد رہے کہ وزیر مملکت بلال اظہر کیانی نے 14 جولائی سے جہلم، دینہ اور سوہاوہ میں عوام کے مسائل اور شکایات براہ راست سننے کے لیے کھلی کچہریوں کا آغاز کیا تھا۔ جہلم میں یہ ان کی تیسری کھلی کچہری ہے۔