سوشل میڈیا کا جھگڑا ، معروف ٹک ٹاکرز اور ساتھی گتھم گتھا

ٹک ٹاک پر شروع ہونے والی لڑائی پولیس کے دفتر تک جاپہنچی، اے ایس پی ٹاؤن شپ کے دفتر میں دو ٹک ٹاکرز اور ان کے ساتھیوں کے درمیان جھگڑا ہوگیا۔

پولیس کے مطابق دونوں ٹک ٹاکرز نے سوشل میڈیا پر ایک دوسرے کے خلاف ویڈیوز اپ لوڈ کی تھیں، جس کے بعد ایک ٹک ٹاکر نے اپنے مخالف کے خلاف پولیس کو درخواست بھی دی تھی۔

اسی معاملے پر دونوں فریق اے ایس پی ٹاؤن شپ کے دفتر پہنچے، جہاں تکرار کے دوران ٹک ٹاکرز اور ان کے ساتھی ایک دوسرے سے الجھتے اور تشدد کرتے رہے۔ جھگڑے کے دوران پولیس اہلکاروں نے بیچ بچاؤ کرانے کی کوشش کی۔

اے ایس پی آفس میں ہونے والے جھگڑے کی موبائل ویڈیو بھی سامنے آگئی ہے، جس میں فریقین کو آپس میں لڑتے ہوئے جبکہ پولیس اہلکاروں کو انہیں روکنے کی کوشش کرتے دیکھا جاسکتا ہے۔

پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے دونوں گروپوں کے 10 سے زائد افراد کو حراست میں لے لیا، جبکہ ان کے قبضے سے اسلحہ بھی برآمد کیا گیا ہے۔

پولیس کے مطابق گرفتار ملزمان کے خلاف قائداعظم انڈسٹریل ایریا تھانے میں مقدمہ درج کیا جائے گا۔