انسداد دہشت گردی کی نئی عدالت قائم، مجموعی تعداد کتنی ہوگئی

لاہور میں انسداد دہشت گردی کی نئی عدالت قائم کردی گئی ہے، جس کے بعد شہر میں انسداد دہشت گردی کی عدالتوں کی تعداد 4 ہوگئی ہے۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردی سے متعلق مقدمات کی تعداد میں اضافے کے باعث لاہور میں نئی انسداد دہشت گردی عدالت قائم کی گئی ہے۔

ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج محمد اکرام کو انسداد دہشت گردی عدالت نمبر 4 کا جج تعینات کردیا گیا ہے۔ فاضل جج یکم ستمبر کو اپنے عہدے کا چارج سنبھالیں گے۔

محمد اکرام کا سیالکوٹ بینکنگ کورٹ سے لاہور تبادلہ کیا گیا ہے۔ لاہور ہائیکورٹ نے حکومت کی درخواست پر نئے انسداد دہشت گردی جج کی تعیناتی کی۔

نئی عدالت کے قیام کا مقصد دہشت گردی کے مقدمات میں اضافے کے باعث زیرِ التوا کیسز کا بوجھ کم کرنا اور مقدمات کی مؤثر اور بروقت سماعت کو یقینی بنانا ہے۔

نئی عدالت کے قیام کے بعد لاہور میں انسداد دہشت گردی کے مقدمات کی سماعت کے لیے مجموعی طور پر چار عدالتیں کام کریں گی۔