انتہائی خطرناک دہشت گرد گرفتار کر لیے گئے

محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے انٹیلی جنس کارروائی کی بنیاد پر لاہور سے فتنہ الخوارج سمیت دیگر تنظیموں کے 11 انتہائی خطرناک دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق پنجاب میں رواں ماہ کے دوران مختلف شہروں میں 242 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کیے گئے، اس دوران 34 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا۔ترجمان نے بتایا کہ لاہور سے فتنہ الخوارج سمیت دیگر تنظیموں کے 11 انتہائی خطرناک دہشت گرد پکڑے گئے اور ان کے قبضے سے باروی مواد اور اہم عمارتوں کے نقشے بھی برآمد کیے گئے۔

ترجمان کے مطابق دہشت گردوں سے دھماکا خیز مواد، ڈیٹونیٹرز، حفاظتی فیوز وائر، گولیاں، اسلحہ، دستی بم، آئی ای ڈی بم، موبائل فون، ممنوعہ پمفلٹ اور نقدی برآمد کیے گئے۔ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی شناخت زبیر، اسلم، ابوبکر، فدا حسین، فہد سلیم، سیف اللہ، نفیس، اصرار، حاجی شاہ اور عبداللہ کے نام سے ہوئی۔

سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشت گرد لاہور میں ایک اہم سرکاری عمارت کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ترجمان انسداد دہشت گردی کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا کہ یہ کارروائیاں بہاول نگر، بہاولپور، گوجرانوالہ، فیصل آباد، راولپنڈی، نارووال، سرگودھا، چکوال، جہلم، اٹک، گجرات، بھکر اور رحیم یار خان میں کی گئیں۔

ترجمان نے مزید کہا کہ سی ٹی ڈی محفوظ پنجاب کے ہدف پر عمل پیرا ہے، دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے پرعزم ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں