لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ، گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق

لاہور (آئی این پی) لاہور میں پتنگ بازی کا خونی کھیل جاری ، گردن پر ڈور پھرنے سے نوجوان جاں بحق ہوگیا ۔ تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت پنجاب بھر میں پتنگ بازوں کو لگام ڈالنے کے حکومتی دعووں کے باوجود خونی کھیل تاحال جاری ہے، شالیمار لنک روڈ پر پتنگ کی ڈور گردن پر پھرنے سے 23 سالہ نوجوان جان کی بازی ہار گیا۔ پولیس کے مطابق مشتاق کالونی کا رہائشی اسد نامی نوجوان شاپنگ مال میں ملازمت کرتا تھا، ڈیوٹی ختم ہونے کے بعد متوفی موٹر سائیکل پر گھر جارہا تھا کہ کٹی پتنگ کی ڈور اسکی گردن پر پھر گئی، گردن کٹنے سے وہ موقع پر ہی دم توڑ گیا۔

واقعے کے بعد نوجوان کی میت گھر پہنچی تو وہاں کہرام مچ گیا، المناک حادثے کے باعث علاقے کی فضا سوگوار نظر آئی۔ ادھر وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ڈور سے شہری کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کرلی ہے، عثمان بزدار نے جاں بحق شہری کے لواحقین سے ہمدردی و اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پتنگ بازی کے باعث قیمتی انسانی جان کے ضیاع پر دلی دکھ ہوا۔ وزیراعلی پنجاب نے متعلقہ اداروں کا حکم دیا کہ پتنگ بازی کے واقعات پر زیروٹالرنس کی پالیسی اختیار کی جائے، پابندی کے قانون پر سختی سے عملدرآمد یقینی بنایا جائے،خلاف ورزی پر قانون کے تحت کارروائی کی جائے، علاقے میں پتنگ بازی ہونیپر متعلقہ پولیس افسر سے جواب طلبی ہوگی۔۔۔۔

close