توشہ خانہ کے نئے قواعد 2026 نافذ، پرانے رولز منسوخ کر دیئے گئے

توشہ خانہ کے پرانے رولز منسوخ  جبکہ نئے قواعد نافذ کر دیئے گئے ، تحفہ ملنے کے تیس دن میں توشہ خانہ میں جمع کروانا لازمی ہو گا، تحفہ ظاہر نہ کرنے والے کے خلاف عدالتی کارروائی ہو سکے گی۔

تفصیلات کے مطابق کابینہ ڈویژن نے نئے قواعد کے نفاذ کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیاہے ، جس کے مطابق توشہ خانہ کے تمام موجودہ اور مستقبل کے تحائف اوپن نیلامی سے فروخت ہوں گے، بیرون ملک دورے سے واپسی پر تحفہ جمع کرانے کی مدت 30 دن مقرر کی گئی ہے جس کے تحت تحفہ ملنے کے 30 دن کے اندر لازما توشہ خانہ میں جمع کرانا ہوگاجبکہ الگ سے پاکستان منگوائے جانے والے تحفے 60 دن میں توشہ خانہ میں جمع کرانا ہوں گے۔

تحفہ جمع نہ کرانے پر توشہ خانہ ایکٹ کے تحت تعزیری کارروائی ہوگی، تحفہ ظاہر نہ کرنے والے کے خلاف مجاز عدالت میں شکایت دائر کی جائے گی۔ سرکاری عہدیداروں کو سرکاری معاملات سے متعلق تحائف قبول کرنے سے گریز کی ہدایت کی گئی ہے ۔تحائف کی مارکیٹ ویلیو ایف بی آر اور پرائیویٹ جانچ سے مقرر ہوگی۔