لاہور (آن لائن) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ جو لوگ کارکردگی میں مریم نواز سے مقابلہ نہیں کر سکتے، وہ ذاتی حملے کرکے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، جبکہ کچھ لوگوں کی سیاست ہی مریم نواز کے مرہون منت ہے۔ انہوں نے کہا کہ لاہور کے بعد اب ملتان میں بھی کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔
اپنے بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے ملتان میں کینسر ٹریٹمنٹ کے لیے کوابلیشن اور کینسر سینٹر کا افتتاح کردیا ہے، جہاں ہر اسٹیج کے کینسر کے مریضوں کا مفت علاج ہوگا۔ کینسر کے مریضوں کو علاج کے لیے لمبی لمبی تاریخیں نہیں دی جائیں گی، جبکہ کینسر کے مریض کا علاج صرف 60 منٹ میں ہوگا۔ یہ مریم نواز کا پنجاب میں صحت کے شعبے میں سب سے بڑا انقلابی اقدام ہے۔
انہوں نے کہا کہ لاہور میں پاکستان کا سب سے بڑا ایک ہزار بیڈ پر مشتمل نواز شریف کینسر ہسپتال مکمل ہوچکا ہے۔ نواز شریف کینسر ہسپتال پاکستان کا اسٹیٹ آف دی آرٹ منصوبہ ہے، پی کے ایل آئی کی طرح نواز شریف کینسر ہسپتال بھی دنیا میں پاکستان کی پہچان بنے گا۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ مریم نواز کا کسی صوبائی حکومت سے کوئی مقابلہ یا موازنہ نہیں ہے، جو لوگ کارکردگی میں مریم نواز سے مقابلہ نہیں کر سکتے وہ ذاتی حملے کرکے عوام کو گمراہ کر رہے ہیں، کچھ لوگوں کی سیاست ہی مریم نواز کے مرہون منت ہے۔ مریم نواز پنجاب کو جدید ترین اور ترقی یافتہ صوبہ بنا رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ایک صوبے کا وزیر اعلیٰ در بدر ٹھوکریں کھانے کے بعد وفاق پر چڑھائی کی کوشش کر رہا ہے، 9 مئی اور 26 نومبر کی ناکام بغاوتیں بانی پی ٹی آئی کے گلے کا پہلے ہی طوق بنی ہوئی ہیں، 27 ستمبر کو تیسری بغاوت کی پلاننگ ہورہی ہے۔
عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے والدین اپنے بچوں کو بانی پی ٹی آئی کی بغاوتوں سے دور رکھیں۔ ان کے مطابق، ’’اس کے اپنے بچے لندن میں لگژری زندگی گزار رہے، یہ پختونخوا کے بچوں کو پھر اپنے ناپاک عزائم کے لیے استعمال کرنا چاہتا ہے۔‘‘






