وفاقی وزیر اطلاعات عطا تارڑ نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے اثرات سے عوام کو بچانے کے لیے فیول ریلیف اسکیم متعارف کرائی ہے جس کی نگرانی وزیراعظم خود کر رہے ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ پروگرام کو مزید آسان بنا دیا گیا ہے، موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشوں کے لیے اہلیت کی مدت بڑھا کر 20 سال کر دی گئی ہے۔ یکم جنوری 2006 کے بعد رجسٹرڈ موٹرسائیکل، چنگ چی اور رکشے اسکیم کے لیے اہل ہوں گے۔
عطا تارڑ کے مطابق اسکیم کے تحت اب تک 22 لاکھ افراد رجسٹرڈ اور 19 لاکھ ٹوکن جاری ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم نے ہفتے میں پانچ سو روپے کی رعایت کا اعلان کیا ہے اور جو بھی 600 روپے کا پیٹرول ڈلوائے گا اسے صرف 100 روپے ادا کرنا ہوں گے۔ یہ رعایت پورے پاکستان بشمول آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو ملے گی۔
انہوں نے مزید کہا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے سڑکیں بند نہ کرنے اور آمدورفت میں خلل نہ ڈالنے کی ہدایت کی ہے، حکومت عدالتی حکم کے مطابق عوامی زندگی میں خلل نہیں آنے دے گی، اسلام آباد کی سڑکیں کھلی رہیں گی اور کسی پرتشدد جتھے کو شہر میں آنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔






