عالمی دباؤ کے باوجود شمالی کوریا کا جوہری پروگرام سے پیچھے ہٹنے سے صاف انکار

شمالی کوریا نے اپنی جوہری طاقت کی حیثیت کو ناقابل واپسی قرار دیتے ہوئے جوہری ہتھیاروں کے پروگرام پر تنقید کرنے والی عالمی جوہری توانائی ایجنسی کی قرارداد مسترد کر دی ہے۔

 

رائٹرز کے مطابق شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن کی بہن کم یو جونگ نے آئی اے ای اے پر دوہرے معیار کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ ایجنسی امریکہ اور جنوبی کوریا کی جوہری سرگرمیوں کو نظر انداز کر رہی ہے جبکہ شمالی کوریا کے خلاف قرارداد منظور کی گئی۔

 

کم یو جونگ نے جنوبی کوریا کے جوہری توانائی سے چلنے والی آبدوزیں حاصل کرنے کے منصوبے کا حوالہ بھی دیا اور اسے شمالی کوریا کے خلاف غیر منصفانہ پالیسی کا حصہ قرار دیا۔

 

شمالی کوریا کی وزارت خارجہ نے بھی قرارداد مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی جوہری طاقت اور دفاعی صلاحیت اب ناقابل واپسی ہے اور اسے جوہری ڈیٹرنس کی حمایت حاصل ہے۔

 

دوسری جانب سرکاری میڈیا کے مطابق کم جونگ اُن نے رواں ہفتے بڑے اسلحہ ساز کارخانوں کا تین روزہ دورہ کیا اور دفاعی صلاحیت کے مختلف شعبوں کو جدید بنانے پر زور دیا۔ تجزیہ کاروں کے مطابق شمالی کوریا گزشتہ برس روس کے ساتھ دفاعی معاہدے کے بعد اپنی فوجی صلاحیتوں کو مزید جدید بنانے کی کوشش کر رہا ہے۔

 

کم جونگ اُن نے پیانگ یانگ میں پروپیگنڈا کارکنوں کی ایک تربیتی نشست سے بھی خطاب کیا جہاں انہوں نے جدید نظریاتی جنگ کے لیے زیادہ تخلیقی اور جارحانہ طریقے اختیار کرنے پر زور دیا۔