پی ٹی آئی ارکان کا انوکھا احتجاج

سندھ اسمبلی کے باہر پی ٹی آئی ارکان نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف منفرد انداز میں احتجاج کیا۔

پی ٹی آئی ارکان گدھا گاڑیوں پر سوار ہوکر سندھ اسمبلی پہنچے اور ہاتھوں میں پلے کارڈز اٹھا کر حکومت کے خلاف نعرے بازی کی۔

اس موقع پر پی ٹی آئی رکن سجاد علی کا کہنا تھا کہ پیٹرول کی قیمتیں اس قدر بڑھ گئی ہیں کہ گاڑیوں میں اسمبلی پہنچنا مشکل ہوگیا ہے، اسی لیے احتجاج کے لیے گدھا گاڑیوں کا سہارا لیا گیا۔

ارکان نے مطالبہ کیا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ واپس لیا جائے اور عوام کو ریلیف فراہم کیا جائے۔