ضلعی انتظامیہ کے مطابق وزیراعظم کی فیول ریلیف اسکیم کے تحت وفاقی دارالحکومت کے 146 پیٹرول پمپس پر رجسٹرڈ شہریوں کو رعایتی نرخوں پر پیٹرول کی فراہمی جاری ہے۔
انتظامیہ نے شہریوں کی سہولت کے لیے تمام متعلقہ پیٹرول پمپس پر رجسٹریشن کے طریقہ کار سے متعلق بینرز بھی آویزاں کر دیے ہیں۔ حکام کے مطابق جو شہری ابھی تک رجسٹرڈ نہیں ہوئے، وہ پیٹرول پمپ پر ہی چند منٹوں میں رجسٹریشن کرا سکتے ہیں۔
انتظامیہ کی جانب سے رعایتی پیٹرول کی فراہمی کی رئیل ٹائم مانیٹرنگ بھی کی جا رہی ہے۔ سیکریٹریٹ ڈویژن کے 17، شالیمار کے 10، انڈسٹریل ایریا کے 12، سٹی ڈویژن کے 11، نیلور کے 23، پوٹھوہار کے 15، رورل کے 27 جبکہ صدر کے 31 پیٹرول پمپس پر شہریوں کو ریلیف فراہم کیا جا رہا ہے۔
ضلعی انتظامیہ نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی پیٹرول پمپ نے رجسٹرڈ شہری کو رعایتی نرخ پر پیٹرول فراہم کرنے سے انکار کیا تو اس کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے پمپ کو فوری طور پر سیل کیا جا سکتا ہے۔
ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ رعایتی پیٹرول کی فراہمی سے متعلق کسی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن 9771 پر اطلاع دیں۔






