کراچی کے علاقے محمد علی سوسائٹی میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی سید غلام مصطفیٰ شاہ کی رہائش گاہ پر اچانک آگ بھڑک اٹھی، تاہم ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے آگ پر قابو پالیا۔
ریسکیو حکام کے مطابق آگ گھر کے اسٹور روم میں لگی، جہاں مختلف سامان موجود تھا۔ آتشزدگی کے نتیجے میں اسٹور روم اور اس سے متصل پاؤڈر واش روم مکمل طور پر جل گئے۔
ریسکیو ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر آگ کو مزید پھیلنے سے روکا اور اسے مکمل طور پر بجھا دیا، جس کے بعد کولنگ کا عمل شروع کیا گیا۔
ابتدائی معلومات کے مطابق آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔





