لندن کے لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان دوسرے ٹیسٹ کے پہلے روز کھانے کے وقفے کے دوران انگلش براڈکاسٹرز نے سابق کپتان عمران خان کے بیٹوں کا انٹرویو نشر کیا، جس پر پاکستان کرکٹ بورڈ نے باضابطہ احتجاج ریکارڈ کرایا۔
غیر ملکی میڈیا کے مطابق پی سی بی نے اسکائی اسپورٹس کے خلاف انگلش بورڈ سے باضابطہ شکایت کی۔ اطلاعات کے مطابق پی سی بی نے احتجاجاً وقفے کے بعد پاکستانی ٹیم کو دوبارہ میدان میں نہ اتارنے کے آپشن پر بھی غور کیا تھا۔ اسکائی اسپورٹس نے ابتدا میں انٹرویو نشر کرنے میں تاخیر کی، تاہم بعد میں اسے نشر کردیا گیا۔
یہ انٹرویو انگلینڈ کے سابق کپتان اور موجودہ براڈکاسٹر مائیک ایتھرٹن نے لیا، جس میں عمران خان کے بیٹوں سلیمان اور قاسم خان نے اپنے والد کی صحت اور ان کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے خدشات کا اظہار کیا۔
بعد ازاں پاکستانی کھلاڑی دوسرے سیشن کے لیے میدان میں واپس آگئے اور کھیل معمول کے مطابق جاری رہا۔






