عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں عرس کی تین روزہ تقریبات دوسرے روز بھی جاری ہیں۔ عرس کے موقع پر 29 اگست بروز ہفتہ قصور میں مقامی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق چھٹی کا اطلاق ڈپٹی کمشنر کے ماتحت کام کرنے والے ضلعی دفاتر اور دیگر سرکاری اداروں پر ہوگا۔
عرس کے دوسرے روز بھی روح پرور محافل منعقد کی جا رہی ہیں۔ زائرین عقیدت و احترام کے ساتھ حضرت بابا بلھے شاہؒ کے مزار پر حاضری دے کر فاتحہ خوانی کر رہے ہیں۔
دربار اور اطراف میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔ زائرین کی سہولت کے لیے وسیع لنگر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے۔ انتظامیہ کے مطابق حضرت بابا بلھے شاہؒ کے 269ویں عرس کی تین روزہ تقریبات کل اختتام پذیر ہوں گی۔






