اسلام آباد (آئی این پی) اپوزیشن اتحاد نے کہا ہے کہ حکومت نے عمران خان کی صحت پر ڈرامہ رچایا، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل نہ ہونا توہینِ عدالت ہے، 27 ستمبر کو بھرپور احتجاج کا فیصلہ برقرار رہے گا۔
محمود خان اچکزئی کی زیر صدارت اپوزیشن کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں سینیٹر راجہ ناصر عباس، بیرسٹر گوہر، اسد قیصر، سہیل آفریدی اور سلمان اکرم راجا نے شرکت کی۔
اجلاس کے بعد اعلامیہ جاری کردیا گیا جس کے مطابق اجلاس میں بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور علاج پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنے کا اعادہ کیا گیا۔
شرکا نے کہا کہ حکومت نے عمران خان کی صحت پر ڈرامہ رچایا ہے، سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عمل نہ ہونا توہینِ عدالت ہے۔
شرکا نے 27 ستمبر کو بھرپور احتجاج کا فیصلہ برقرار رکھنے کا اعلان کیا اور احتجاج و لانگ مارچ میں تمام اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دینے کا فیصلہ کیا، جس کے لیے پنجاب سمیت ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم تیز کرنے پر اتفاق کیا گیا۔
اعلامیے کے مطابق شرکا نے آئین، جمہوریت اور قانون کی حکمرانی کے لیے مشترکہ جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا، اپوزیشن کے تمام سیاسی و پارلیمانی فیصلے باہمی مشاورت سے کرنے کا فیصلہ کیا، گرینڈ اپوزیشن الائنس کی تائید کی اور الائنس کو مزید فعال بنانے پر اتفاق کیا گیا۔
شرکا نے سربراہ جے یو آئی مولانا فضل الرحمن اور دیگر جماعتوں کی الائنس میں شمولیت کا خیرمقدم کیا اور اتفاق کیا کہ وسیع تر اتحاد سے پارلیمان میں اپوزیشن کی آواز مضبوط ہوگی۔






