اسلام آباد(آئی این پی) چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر نے وزیر اعظم شہباز شریف کی اپوزیشن کو مذاکرات کی پیش کش کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر وزیراعظم واقعی اس حوالے سے کوئی عملی قدم اٹھائیں تو یہ بہت اچھی بات ہوگی، پی ٹی آئی نے کبھی بھی ڈیفنس فورسز سے متعلق قوانین کو متنازع نہیں بنایا۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کی جانب سے مذاکرات کی دعوت پر ردعمل دیتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مذاکرات کی پیشکش ہمیشہ پیشکش تک ہی محدود رہی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم اگر اس حوالے سے عملی قدم اٹھاتے ہیں تو یہ اچھی بات ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہی وقت ہے کہ ایسے اقدامات کیے جائیں جن سے سیاسی مسائل کا سیاسی حل نکالا جا سکے۔
بیرسٹر گوہر کا کہنا تھا کہ پاکستان کو بہتر سمت میں لے جانے کی ضرورت ہے، ملک میں امن و امان کی صورت حال بہتر ہو، ملک دہشت گردی اور غیر یقینی صورت حال سے باہر آئے اور ہم مل کر پاکستان کے دفاع، معیشت اور جمہوریت کو مضبوط کریں۔
انہوں نے کہا کہ ہم نہیں چاہتے کہ پاکستان کا دفاع مضبوط نہ ہو، ڈیفنس فورسز ایکٹ کا معاملہ ٹیکنیکل نوعیت کا ہے، ہمارے ساتھ کچھ بات نہیں کی گئی۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ عوام کو بھی نہیں پتہ کہ کیا قانون سازی کی جا رہی ہے، میں نے پہلے بھی مطالبہ کیا تھا کہ جو قانون سازی کرتے ہیں اس کو پہلے پارلیمان میں لائیں۔
انہوں نے کہا کہ کوئی قانون سازی ہو تو اسے پہلے ممبرانِ اسمبلی کے سامنے رکھا جائے اور بحث کی جائے، جو کچھ آپ ایکٹ میں ڈالتے ہیں اس کو پارلیمان کے سامنے رکھا جائے۔
بیرسٹر گوہر نے کہا کہ یہ ٹیکنیکل نوعیت کا معاملہ ہے، پاکستان ہمارا ہے، پاک فوج ہماری ہے۔






