بچوں کے آن لائن تحفظ کیلئے بڑا قدم، پی ٹی اے اور گوگل کے درمیان اہم معاہدہ ہوگیا

اسلام آباد(آئی این پی) بچوں کے آن لائن تحفظ کیلئے پی ٹی اے اور گوگل میں مفاہمتی یادداشت پر دستخط ہوگئے۔

مفاہمتی یادداشت کے تحت بچوں کیلئے محفوظ آن لائن ماحول اور ذمہ دارانہ ڈیجیٹل استعمال کو فروغ دیا جائے گا، اہم نکات میں آگاہی، تعلیم اور بچوں کے آن لائن تحفظ کے لیے تعاون بڑھانا شامل ہیں۔

والدین اور اساتذہ کو عملی رہنمائی، ٹولز اور وسائل فراہم کئے جائیں گے، انگریزی، اردو اور مقامی زبانوں میں مواد اور ملک گیر آگاہی مہم چلائی جائے گی۔

پی ٹی اے حکام کے مطابق بچوں کے آن لائن تحفظ کے لئے باہمی تعاون وقت کی ضرورت ہے، بچوں اور خاندانوں میں ڈیجیٹل خواندگی کا فروغ ترجیح ہے۔

یہ پیش رفت ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب امریکہ کی ٹیکنالوجی کی بڑی کمپنی نے منگل کے روز پاکستان میں اپنے مقامی دفتر کا افتتاح کیا، کمپنی نے پاکستان میں اپنی ابتدائی رجسٹریشن کے تقریباً 4 سال بعد یہ قدم اٹھایا اور اس پیش رفت کو ملک کے ساتھ اپنے روابط میں ایک “بڑا سنگِ میل” قرار دیا۔