سیکیورٹی فورسز کارروائیاں ، دہشتگردوں کو بڑا جانی نقصان

بلوچستان کے ضلع پنجگور کے علاقے کلی سوران میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے فتنہ الہندوستان کے 5 دہشتگردوں کو ہلاک کردیا، جبکہ متعدد دہشتگرد زخمی ہوگئے۔

 

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے دہشتگردوں کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلاک دہشتگرد موٹر سائیکلوں پر سوار ہوکر ایک بڑی دہشتگرد کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے تھے۔

 

کارروائی کے دوران دہشتگردوں کے قبضے سے جدید اسلحہ و گولہ بارود، 3 گاڑیاں، 2 موٹر سائیکلیں اور ایک آئی ای ڈی ڈیوائس برآمد ہوئی، جبکہ کالعدم تنظیم کا جھنڈا بھی قبضے میں لے لیا گیا۔

 

ذرائع کے مطابق ہلاک دہشتگرد مقامی افراد سے لوٹ مار، بھتہ خوری، اغوا برائے تاوان اور ٹارگٹ کلنگ سمیت مختلف جرائم میں ملوث تھے اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی بھی کر رہے تھے۔

 

سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان سے دہشتگردی کے خاتمے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ آخری دہشتگرد کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رہیں گی۔

 

وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پنجگور میں کامیاب کارروائی پر سیکیورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ فورسز نے کارروائی کرکے دہشتگردوں کے ناپاک عزائم ناکام بنا دیے، جبکہ قوم دہشتگردی کے خلاف یکجان اور سیکیورٹی فورسز کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

واضح رہے کہ دو روز قبل بھی بلوچستان کے مختلف علاقوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 دہشتگرد ہلاک کیے گئے تھے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی علاقے میں خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے دہشتگردوں کے ٹھکانے کو گھیرے میں لے کر مؤثر کارروائی کی گئی۔

 

بلوچستان میں فتنہ الہندوستان اور فتنہ الخوارج کے خلاف سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔