آپریشن ’رد الفتنہ 3‘ کے تحت سیکیورٹی فورسز کی کارروائیاں، 9 سے زائد دہشتگرد ہلاک

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں سیکیورٹی فورسز نے انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کے دوران 9 سے زائد دہشتگردوں کو جہنم واصل کر دیا ہے۔ سیکیورٹی ذرائع کے مطابق زیارت، ہرنائی اور سوراب کے علاقوں میں دہشتگردوں کے خلاف بھرپور کارروائیاں کی گئیں۔ خفیہ اطلاع پر زیارت اور ہرنائی کے درمیان پہاڑی سلسلے میں ایک بڑا آپریشن کیا گیا، جہاں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 8 دہشتگردوں کو ہلاک کرتے ہوئے ان کے ٹھکانے کو بھی مکمل طور پر تباہ کر دیا۔ ادھر سوراب کے علاقے حاجیکہ گاؤں میں بھی ایک اور کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد ہلاک ہوا۔ سیکیورٹی فورسز نے دشت کٹائی اور حاجیکہ کے درمیان مؤثر ناکہ بندی کر کے دہشتگردوں کی نقل و حرکت کا سراغ لگایا۔ آپریشنز کے دوران ہلاک ہونے والے دہشتگردوں کے قبضے سے بڑی مقدار میں ایمونیشن، میگزین، دستی بم، واکی ٹاکی، موٹرسائیکل اور دیگر عسکری سامان بھی برآمد کر لیا گیا ہے۔ سیکیورٹی فورسز نے عزم ظاہر کیا ہے کہ بلوچستان سے دہشتگردی کے مکمل خاتمے اور دیرپا امن کے قیام تک یہ کارروائیاں بلا تعطل جاری رہیں گی۔