آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے قانون ساز اسمبلی کی 8 مخصوص نشستوں پر انتخابات کا شیڈول جاری کردیا ہے۔ پولنگ 24 اگست کو ہوگی۔
الیکشن کمیشن کے نوٹیفکیشن کے مطابق مخصوص نشستوں میں خواتین کی 5 نشستیں جبکہ علما و مشائخ، اوورسیز کشمیریوں اور ٹیکنوکریٹس و دیگر پروفیشنلز کے لیے ایک، ایک نشست شامل ہے۔
شیڈول کے مطابق امیدوار 20 اگست کو صبح 9 بجے سے دوپہر 2 بجے تک کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے۔ اسی روز کاغذات کی جانچ پڑتال کے بعد درست امیدواروں کی فہرست جاری کی جائے گی۔
کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کیے جانے کے خلاف اپیلیں 21 اگست کو دائر کی جاسکیں گی، جن پر الیکشن کمیشن 22 اگست کو فیصلے کرے گا۔ امیدوار 23 اگست کو دوپہر 2 بجے تک کاغذات واپس لے سکیں گے، جس کے بعد حتمی امیدواروں کی فہرست جاری کردی جائے گی۔
مخصوص نشستوں پر پولنگ 24 اگست کو صبح 10 بجے سے دوپہر ایک بجے تک آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی ہال، بلاک نمبر 12، سول سیکرٹریٹ چتر کلاس مظفرآباد میں ہوگی۔
ذرائع کے مطابق خواتین کی مخصوص نشستوں کے لیے مریم ادریس، مسز راجہ عابد، مریم کشمیری، ناصرہ سدوزئی، ماریہ ترانہ، سحرش قمر اور نثارہ عباسی کے نام زیرغور ہیں۔
اوورسیز نشست کے لیے مسلم لیگ (ن) برطانیہ چیپٹر کے صدر عبدالرحمان آرائیں کو مضبوط امیدوار قرار دیا جارہا ہے، جبکہ حاجی احسان دانش کے نام پر بھی غور جاری ہے۔
علما و مشائخ کی نشست کے لیے پیر مظہر سعید کا نام زیرغور ہے، جبکہ ٹیکنوکریٹ کی نشست پر بیرسٹر افتخار، شاداب سکندر اور محسن عزیز کے درمیان مقابلے کا امکان ہے۔
ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کی نئی حکومت میں 12 وزرا شامل ہوں گے جبکہ ابتدائی مرحلے میں 6 مشیر مقرر کیے جانے کا امکان ہے۔ تاہم مسلم لیگ (ن) کی جانب سے مخصوص نشستوں کے امیدواروں یا کابینہ کی تشکیل کے حوالے سے تاحال کوئی باضابطہ اعلان سامنے نہیں آیا۔
آزاد کشمیر کے عام انتخابات میں مسلم لیگ (ن) 24 نشستوں کے ساتھ سب سے بڑی جماعت بن کر سامنے آئی ہے۔ مخصوص نشستوں پر انتخابات کے بعد قانون ساز اسمبلی کی تشکیل کا مرحلہ مکمل ہوجائے گا، جس کے نتیجے میں حکومت سازی میں مسلم لیگ (ن) کی پوزیشن مزید مستحکم ہونے کا امکان ہے۔





