بدترین لوڈشیڈنگ! واپڈا کے خلاف احتجاج اور شٹر ڈاؤن ہڑتال

جیکب آباد (آن لائن) جیکب آباد شہر میں بجلی کی طویل اور بدترین لوڈشیڈنگ کے ساتھ بار بار ٹرپنگ نے شہریوں کا جینا اجیرن بنا دیا ہے۔ شدید گرمی میں مریضوں، بچوں، خواتین، بزرگوں اور نوجوانوں کو سخت مشکلات کا سامنا ہے، جبکہ طویل بجلی بندش کے باعث کاروباری سرگرمیاں بھی شدید متاثر ہو رہی ہیں۔

پیپلز پارٹی شہید بھٹو کے مرکزی رہنما ندیم قریشی نے بجلی کی بدترین صورتحال پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہر میں کوئی پوچھنے والا نظر نہیں آتا اور واپڈا والے من مانی کے مالک بنے ہوئے ہیں۔ بجلی کی طویل بندش کے باعث شہری گرمی میں تڑپ رہے ہیں، مریضوں اور بچوں کی حالت خراب ہے جبکہ کاروبار تباہ ہو رہا ہے۔

ندیم قریشی نے کہا کہ ایم این اے، ایم پی اے اور سینیٹر کو فوری نوٹس لینا چاہیے، کیونکہ وہ شہر کے منتخب نمائندے ہیں اور عوام کو بجلی کے بحران سے نکالنا ان کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے مطالبہ کیا کہ شہر کے گرڈ اسٹیشن کو جدید بنایا جائے اور بجلی فراہم کرنے کی صلاحیت میں اضافہ کیا جائے تاکہ بار بار ٹرپنگ اور طویل لوڈشیڈنگ کا مستقل حل نکالا جا سکے۔

انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے بنیادی حقوق کے لیے بیدار ہوں اور مسائل کے حل کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ’’یہ شہر ہم سب کا ہے، شہری لاوارث نہیں ہیں۔‘‘

ندیم قریشی نے واپڈا حکام کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ بجلی کی غیر اعلانیہ اور طویل بندش پر فوری قابو پایا جائے اور عوام کو مزید عذاب میں مبتلا کرنے کا سلسلہ بند کیا جائے، بصورت دیگر شہریوں کے ساتھ مل کر شٹر ڈاؤن ہڑتال اور واپڈا دفاتر کے گھیراؤ کا راستہ اختیار کیا جائے گا۔

شہریوں نے بھی مطالبہ کیا ہے کہ بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ، بار بار ٹرپنگ اور کم وولٹیج کا مستقل حل نکال کر شدید گرمی میں عوام کو مزید عذاب سے بچایا جائے۔