وزیراعلیٰ مریم نواز کا پنجاب کو سب سے بڑا آرٹیفیشل انٹیلیجنس فعال صوبہ بنانے کا ہدف

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے 2029 تک پنجاب کو جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس فعال (این ایبلڈ) صوبہ بنانے کا ہدف مقرر کردیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف سے صوبائی مشیر برائے مصنوعی ذہانت اور خصوصی اقدامات علی مصطفیٰ ڈار نے ملاقات کی، جس میں پنجاب اے آئی وژن 2029 کی باضابطہ لانچنگ پر مشاورت کی گئی۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو صوبائی مشیر علی مصطفیٰ ڈار نے اے آئی آفس کی گزشتہ دو ماہ کی کارکردگی پر تفصیلی بریفنگ دی، جبکہ پنجاب میں قائم کیے گئے دنیا کے پہلے آرٹیفیشل انٹیلیجنس فعال ڈیلیوری یونٹ سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔

ملاقات میں پنجاب آرٹیفیشل انٹیلیجنس ایجنڈے پر عملدرآمد کے لیے تشکیل دی گئی اعلیٰ سطح کی ٹیم کے بارے میں بریفنگ دی گئی اور گلوبل ڈیلیوری ماہرین کے تعاون سے تیار کردہ آن بورڈنگ پروگرام سے بھی آگاہ کیا گیا۔

ملاقات کے دوران جنوبی ایشیا کا سب سے زیادہ آرٹیفیشل انٹیلیجنس این ایبلڈ صوبہ بنانے کے وژن پر جاری پیشرفت پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو صوبائی مشیر علی ڈار نے اے آئی وژن 2029 کے چھ بنیادی ستونوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔

اے آئی وژن 2029 پر پیشرفت کے جائزے کے لیے پہلی سی ایم اے آئی اسٹاک ٹیک کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔