ساہیوال (آن لائن) ساہیوال اور گردونواح میں نقب زنی کی متعدد وارداتوں کے دوران چوکیدار، دکانداروں اور زمینداروں کے گھروں و کاروباری مراکز سے نقدی، زیورات اور دیگر قیمتی سامان سمیت مجموعی طور پر 67 لاکھ 91 ہزار روپے لوٹ لیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق چک 92 چھ آر میں غلام مرتضیٰ نامی سکول چوکیدار کے گھر سے 39 لاکھ 12 ہزار روپے مالیت کے زیورات اور نقدی چوری کرلی گئی۔ حسین آباد کالونی میں محمد فاروق الطاف زمیندار کے گھر سے 5 لاکھ 22 ہزار روپے نقدی چوری ہوئی۔
جناح سٹریٹ پر چوہدری ثاقب شہزاد کے میڈیکل سٹور سے 30 ہزار روپے نقدی، چک 57 چار آر میں محمد اویس کے گھر سے 10 لاکھ 10 ہزار روپے مالیت کے زیورات اور نقدی جبکہ چک 131 نو ایل میں امتیاز علی کے گھر سے ایک لاکھ 71 ہزار روپے مالیت کی نقدی اور زیورات چوری کیے گئے۔
اسی طرح چک 88 بارہ ایل میں محمد اشفاق کے گھر سے 3 لاکھ روپے مالیت کا بیل، بوریوالا روڈ اقبال نگر میں ناصرہ پروین کے گھر سے 6 لاکھ 45 ہزار روپے مالیت کے زیورات اور نقدی جبکہ چک 27 چودہ ایل میں بشیر احمد کی آڑھت کی دکان سے ایک لاکھ روپے نقدی لوٹ لی گئی۔
پولیس نے فرید ٹاؤن، فتح شیر، نور شاہ، ڈیرہ رحیم، اوکانوالہ بنگلہ، کسووال اور شاہ کوٹ تھانوں میں غلام مرتضیٰ، محمد فاروق، چوہدری ثاقب شہزاد، محمد اویس، امتیاز علی، محمد اشفاق، بشیر احمد اور ناصرہ پروین کی مدعیت میں آٹھ مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کے مطابق وارداتوں میں ملوث ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی جاری ہے تاہم تاحال کوئی ملزم گرفتار نہیں ہوسکا۔






