صدر آصف علی زرداری کا شدید زلزلے اور جانی نقصان پر گہرے دکھ کا اظہار

اسلام آباد (آن لائن) صدر مملکت آصف علی زرداری نے انڈونیشیا کے مشرقی جزیرے فلورس کے قریب آنے والے شدید زلزلے کے نتیجے میں ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

صدر آصف علی زرداری نے زلزلے میں جاں بحق افراد کے اہلخانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس مشکل گھڑی میں انڈونیشیا کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے متاثرہ خاندانوں کے لیے صبر و استقامت کی دعا کی جبکہ زلزلے کے نتیجے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد اور مکمل صحتیابی کے لیے بھی دعا کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان مشکل کی اس گھڑی میں انڈونیشیا کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتا ہے اور ضرورت پڑنے پر متاثرین کی مدد کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کرنے کے لیے تیار ہے۔

آصف علی زرداری نے امید ظاہر کی کہ انڈونیشیا کی حکومت اور عوام باہمی تعاون اور حوصلے کے ساتھ قدرتی آفت کے اثرات پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے۔