وزیراعلیٰ مریم نواز کے وژن کے مطابق یومِ آزادی جوش و جذبے سے منانے کی تیاریاں

لاہور (آن لائن) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق یومِ آزادی کو بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منانے کے لیے سیکرٹری ہاؤسنگ پنجاب نورالامین مینگل نے تمام ہارٹیکلچر اداروں کو خصوصی ہدایات جاری کردی ہیں۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے ہدایت کی ہے کہ تمام ہارٹیکلچر ایجنسیاں 14 اگست کے حوالے سے خصوصی تقریبات اور سرگرمیوں کا اہتمام کریں اور عوام کی بھرپور شرکت یقینی بنائی جائے۔

نورالامین مینگل نے کہا کہ سرکاری عمارات، پارکس، تفریحی مقامات اور دیگر اہم مقامات کو قومی پرچموں، جھنڈیوں اور برقی قمقموں سے خوبصورتی سے سجایا جائے۔ یومِ آزادی کی تقریبات میں قومی جذبے، اتحاد، امن، قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے پیغام کو نمایاں کیا جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پارکس اور تفریحی مقامات پر یومِ آزادی کی مناسبت سے خصوصی سرگرمیوں کا انعقاد کیا جائے تاکہ شہری، بالخصوص بچے اور نوجوان، قومی جوش و جذبے کے ساتھ جشنِ آزادی میں شریک ہوسکیں۔

تمام متعلقہ اداروں کو عوامی سہولت کے پیش نظر صفائی، تزئین و آرائش اور شہری سہولیات کے خصوصی انتظامات یقینی بنانے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔

سیکرٹری ہاؤسنگ نے کہا کہ یومِ آزادی کی تقریبات شایانِ شان انداز میں منعقد کرتے ہوئے پاکستان سے محبت اور قومی یکجہتی کے جذبے کو فروغ دیا جائے۔

انہوں نے تمام ہارٹیکلچر ایجنسیوں کو 14 اگست کی تقریبات اور سرگرمیوں کی مؤثر ذرائع ابلاغ اور سماجی رابطوں کے ذرائع پر تشہیر یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی تاکہ قومی دن کا پیغام زیادہ سے زیادہ شہریوں تک پہنچایا جاسکے۔

نورالامین مینگل نے کہا کہ یومِ آزادی ہمیں اتحاد، امن، قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کے جذبے کو مزید مضبوط بنانے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ تمام متعلقہ ادارے مربوط حکمت عملی کے تحت تقریبات کا انعقاد کریں اور شہریوں کو بہترین ماحول اور سہولیات کی فراہمی یقینی بنائیں۔