رواں ہفتے ملک بھر کے تمام بینک تین روز کے لیے بند رہیں گے اور 17 اگست سے معمول کے مطابق اپنی سرگرمیاں بحال کریں گے۔
پاکستان بھر کے بینکوں اور مالیاتی اداروں میں اس ہفتے 3 روزہ تعطیلات ہوں گی جس کے باعث بینک 14، 15 اور 16 اگست کو بند رہیں گے۔
اسٹیٹ بینک کے جاری کردہ سرکلر کے مطابق جمعہ 14 اگست کو یوم آزادی کے موقع پر عام تعطیل ہوگی جبکہ ہفتہ اور اتوار معمول کی ہفتہ وار تعطیلات ہوں گی۔ تین روزہ تعطیلات کے دوران اسٹیٹ بینک اور اسٹاک ایکسچینج بھی بند رہیں گے۔
تاہم بینکوں کی فزیکل برانچز بند ہونے کے باوجود صارفین کو ضروری بینکاری سہولیات دستیاب رہیں گی۔ اے ٹی ایمز اور آن لائن بینکنگ سروسز معمول کے مطابق فعال رہیں گی اور صارفین ان کے ذریعے معمول کی لین دین کر سکیں گے۔
بینک اور مالیاتی ادارے تین روزہ تعطیلات کے بعد 17 اگست سے دوبارہ معمول کے مطابق کام شروع کریں گے۔
یوم آزادی ملک بھر میں روایتی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ دن کا آغاز وفاقی دارالحکومت میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوگا۔






