وفاقی کابینہ میں بڑے ردوبدل کا امکان ہے اور بہترین کارکردگی دکھانے والے وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر بنانے پر غور کیا جا رہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کو مختلف وفاقی وزارتوں اور ڈویژنز کی کارکردگی رپورٹس موصول ہونا شروع ہو گئی ہیں جس کی بنیاد پر وفاقی کابینہ اور اعلیٰ بیوروکریسی میں بڑے پیمانے پر ردوبدل کا قوی امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
حکومتی ذرائع کے مطابق وزیراعظم آفس نے تمام وزارتوں کو خط لکھ کر فروری 2024 سے اب تک کی مکمل کارکردگی رپورٹ طلب کی تھی۔ وزیراعظم کے پاس مختلف وزرا کی انفرادی کارکردگی سے متعلق دو اہم حساس اداروں کی رپورٹس پہلے ہی پہنچ چکی ہیں۔
وزیراعظم سے وفاقی وزارتوں کا تھرڈ پارٹی آڈٹ کروانے کا مطالبہ بھی کیا جا چکا ہے جبکہ ایک وفاقی وزیر نے بھی وفاقی کابینہ کے ارکان کی کارکردگی کا ازسرنو جائزہ لینے کی تجویز دی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیراعظم رواں ماہ کے دوران تمام وفاقی وزرا اور وزارتوں کی کارکردگی کا جائزہ مکمل کر لیں گے۔ اس سلسلے میں وزیراعظم کی مختلف وزرا سے انفرادی ملاقاتیں بھی جاری ہیں۔
بہترین کارکردگی دکھانے والے وزرائے مملکت کو وفاقی وزیر کا قلمدان سونپنے پر بھی غور ہو رہا ہے۔
وفاقی کابینہ میں کسی بھی حتمی ردوبدل یا تبدیلی سے قبل پارٹی صدر سے باضابطہ مشاورت کی جائے گی۔






