وفاقی کابینہ نے تقریباً 25 سال بعد نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی ہے۔ ملک کی سابقہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2001 میں منظور کی گئی تھی۔
نئی پالیسی کا بنیادی وژن تمام شہریوں کے لیے مناسب، سستی اور پائیدار رہائش کی فراہمی کو فروغ دینا ہے۔ اس کے تحت رہائش کے مواقع، بنیادی سہولیات اور معاون انفرااسٹرکچر تک بہتر رسائی یقینی بنانے پر توجہ دی جائے گی۔
نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2026 میں ہاؤسنگ اور شہری ترقی سے متعلق اہم پہلوؤں کا احاطہ کرتے ہوئے 9 واضح موضوعات شامل کیے گئے ہیں۔
وفاقی وزیر ریاض حسین پیرزادہ نے پالیسی دستاویز کی تیاری پر وزارت کے پالیسی اینڈ پلاننگ ونگ کی ٹیم کو مبارکباد دی۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی کی تشکیل کے دوران تمام اسٹیک ہولڈرز کو اعتماد میں لیا گیا، جبکہ اس کی منظوری وزارت کے لیے ایک تاریخی سنگِ میل ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان تقریباً ایک چوتھائی صدی سے جامع نیشنل ہاؤسنگ پالیسی سے محروم تھا، تاہم نئی پالیسی ملک میں ہاؤسنگ کی کمی اور شہری مسائل سے نمٹنے کے لیے واضح سمت فراہم کرے گی اور ملک بھر میں سستی و پائیدار رہائشی ترقی کو فروغ دینے میں معاون ثابت ہوگی۔






