پی ٹی آئی رہنما کو کیسے ق-ت-ل کیا گیا؟ گرفتار شوٹرز کا سنسنی خیز انکشاف

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما عبداللہ طاہر کے قتل کیس میں تفتیش کے دوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ گرفتار ملزمان نے مبینہ طور پر بتایا ہے کہ واردات مکمل منصوبہ بندی کے تحت کی گئی۔

تفتیشی ذرائع کے مطابق مقتول کی نگرانی کے لیے ڈرون کیمروں کا استعمال کیا گیا اور ان کی نقل و حرکت سے متعلق معلومات حاصل کی جاتی رہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ڈرونز کے انتظام کے لیے بھاری رقم خرچ کی گئی، جبکہ مقتول کے گھر کے اطراف ڈرون پروازوں سے متعلق شواہد کا بھی جائزہ لیا جا رہا ہے۔

تحقیقات میں یہ بات بھی سامنے آئی ہے کہ ملزمان نے واردات کے لیے کرائے کی گاڑی استعمال کی جس پر جعلی نمبر پلیٹ لگائی گئی، تاہم واردات کے بعد گاڑی پر دوبارہ اصل نمبر پلیٹ لگا دی گئی۔

ذرائع کے مطابق گاڑی گوجرانوالہ سے کرائے پر حاصل کی گئی تھی، جبکہ مرکزی ملزم ارسلان جٹ مبینہ طور پر شوٹرز کو اسی گاڑی میں گوجرانوالہ سے لاہور لے کر آیا۔

پولیس نے مبینہ سہولت کاری کے الزام میں اب تک 6 افراد کو حراست میں لیا ہے، جبکہ مرکزی شوٹرز کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر کارروائیاں جاری ہیں۔