عوام پرامن احتجاج میں بھرپور شرکت کریں، بیرسٹر سلمان اکرم راجہ

کراچی (آئی این پی) پاکستان تحریک انصاف کے سیکریٹری جنرل بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا ہے کہ 5 اگست کو بانی کی ناحق قید کے تین سال مکمل ہونے پر ملک بھر میں یومِ سیاہ منایا جائے گا اور تحریک انصاف کی جانب سے ملک گیر پرامن احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ اپنے آئینی اور جمہوری حق کا استعمال کرتے ہوئے بھرپور انداز میں احتجاج میں شریک ہوں اور آئین، جمہوریت اور عوامی حاکمیت کے لیے اپنی آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کی تین سالہ قید ظلم، ناانصافی، جھوٹ اور عوامی مینڈیٹ پر حملوں کی علامت بن چکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ 8 فروری 2024 کے عام انتخابات میں عوام نے تمام تر دباؤ، گرفتاریوں، سیاسی انتقام، انتخابی نشان چھینے جانے اور دیگر رکاوٹوں کے باوجود عمران خان کے حق میں فیصلہ دیا، تاہم فارم 47 کے ذریعے عوامی مینڈیٹ کو تبدیل کر کے عوام کے فیصلے کو مسخ کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ نظام عوامی رائے نہیں بلکہ دھاندلی، جبر اور جھوٹ کی بنیاد پر قائم کیا گیا، مگر اب اس نظام کی بنیادیں ہل چکی ہیں اور اس کے اندر سے بھی اس کی حقیقت سامنے آ رہی ہے۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ جن عناصر نے جمہوریت، آئین اور عدلیہ کی آزادی کو نقصان پہنچایا، انصاف کا قتل کیا اور عوام کے ووٹ کی توہین کی، انہیں عوام کے سامنے جوابدہ ہونا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو کمزور سمجھنے اور ان کے بنیادی حقوق سلب کرنے کی سوچ زیادہ دیر قائم نہیں رہ سکتی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کا آئین ہر شہری کو بنیادی حقوق فراہم کرتا ہے۔ آرٹیکل 15 آزادانہ نقل و حرکت، آرٹیکل 16 پرامن اجتماع، آرٹیکل 17 سیاسی سرگرمیوں اور تنظیم سازی جبکہ آرٹیکل 19 آزادی اظہار کی ضمانت دیتا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ عوام قانون اور آئین کے دائرے میں رہتے ہوئے اپنے حقوق کا استعمال کریں اور پرامن انداز میں اپنی آواز بلند کریں۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی جدوجہد مکمل طور پر آئین، قانون اور جمہوری اصولوں کے مطابق جاری رہے گی۔ دنیا کے مختلف ممالک میں عوام نے اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کی، اسی طرح پاکستان کے عوام بھی آئینی راستہ اختیار کرتے ہوئے اپنی آواز بلند کریں۔ انہوں نے اسلام آباد میں ہونے والے حالیہ عوامی اجتماع کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس نے ثابت کر دیا ہے کہ عوام آج بھی آئین، جمہوریت اور حقیقی عوامی نمائندگی کے ساتھ کھڑے ہیں۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ ملک اس وقت شدید معاشی بحران سے گزر رہا ہے، صنعتیں اور فیکٹریاں بند ہو رہی ہیں، بے روزگاری اور مہنگائی تاریخ کی بلند ترین سطح پر پہنچ چکی ہے، جبکہ عوام صحت، تعلیم اور دیگر بنیادی سہولتوں سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی زراعت بھی شدید بحران کا شکار ہے، کسان بدحال ہیں اور گندم کے بحران و ذخیرہ اندوزی کے ذمہ دار عناصر کا شفاف احتساب ہونا چاہیے تاکہ عوام کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ 5 اگست صرف ایک احتجاج نہیں بلکہ آئین، جمہوریت، عوامی مینڈیٹ اور بنیادی حقوق کے تحفظ کی جدوجہد کا آغاز ہوگا، جو اس کے بعد بھی جاری رہے گی۔ انہوں نے واضح کیا کہ اگر کوئی آئینی ترمیم ہوگی تو وہ عوامی نمائندوں کی شمولیت اور قومی اتفاقِ رائے کے بغیر قابل قبول نہیں ہوگی، کیونکہ آئینی ترمیم قوم کے ضمیر کی عکاس ہوتی ہے اور قوم کا ضمیر آج عمران خان کے ساتھ کھڑا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کی قیادت اور کارکن ذاتی مفادات سے بالاتر ہو کر آئین، انصاف اور جمہوریت کی بالادستی کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ جیلیں، گرفتاریاں اور ریاستی دباؤ اس جدوجہد کو نہیں روک سکتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام ہی اس ملک کے اصل محافظ ہیں، اس لیے قوم کو ریاست، آئین اور جمہوریت کے تحفظ کے لیے متحد ہونا ہوگا۔

بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے اعلان کیا کہ خیبرپختونخوا، سندھ، پنجاب، آزاد کشمیر اور ملک بھر میں عوامی رابطہ مہم مزید تیز کی جائے گی اور 5 اگست کو ہر سطح پر بھرپور عوامی احتجاج کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سچ کی فتح اور جھوٹ کی شکست اللہ تعالیٰ کا وعدہ ہے، اس لیے عوام پرامن، آئینی اور جمہوری جدوجہد جاری رکھیں۔