//

عمران خان کی بہن کا متنازع بیان، سوشل میڈیا پر شدید عوامی ردعمل

نورین نیازی کے متنازع انٹرویو پر سوشل میڈیا پر ردعمل

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے بانی عمران خان کی ہمشیرہ نورین نیازی کا ایک انٹرویو سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے آپریشن معرکۂ حق، پاک فوج اور پاکستان کے اسرائیل سے تعلقات سے متعلق مختلف دعوے کیے ہیں۔

سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے ایک پوڈکاسٹ میں نورین نیازی نے پاکستان اور بھارت کے درمیان مئی 2025 میں ہونے والی مختصر کشیدگی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ معاملہ ایک خفیہ منصوبے کا حصہ تھا، جس کا مقصد پاکستان کو اسرائیل کو تسلیم کرنے پر آمادہ کرنا تھا۔

پوڈکاسٹ کے دوران جب میزبان نے آپریشن معرکۂ حق کو پاکستان کے لیے ایک اہم کامیابی قرار دیا تو نورین نیازی نے اس سے اختلاف کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں یہ کوئی فخریہ لمحہ نہیں تھا بلکہ ایک منصوبہ بندی کا حصہ تھا۔

انہوں نے مزید دعویٰ کیا کہ بھارت کے اقدامات اور خطے کی صورتحال کے حوالے سے بعض عوامل بیرونی کرداروں سے منسلک تھے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ایران کے ساتھ صورتحال پیدا نہ ہوتی تو پاکستان اور اسرائیل کے تعلقات سے متعلق مختلف پیش رفت ممکن تھی۔

نورین نیازی نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے پاکستانی سیاسی اور عسکری قیادت کے حوالے سے دیے گئے بیانات کو بھی اپنے مؤقف سے جوڑنے کی کوشش کی اور بعض ملاقاتوں سے متعلق دعوے کیے۔

ان بیانات کے بعد سوشل میڈیا پر نورین نیازی کو تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ گفتگو کے دوران انہوں نے یہ بھی واضح کیا کہ ان کے خیالات ذاتی رائے پر مبنی ہیں اور ان دعوؤں کے حق میں انہوں نے کسی مستند شواہد کا حوالہ نہیں دیا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close