علی امین گنڈاپور کا آڈیو پیغام منظرِ عام پر، پی ٹی آئی کی قیادت پر شدید تنقید

ڈیرہ اسماعیل خان: سابق وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا ایک مبینہ آڈیو پیغام سامنے آیا ہے، جس میں انہوں نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی قیادت اور بعض فیصلوں پر تنقید کی ہے۔

مبینہ آڈیو میں علی امین گنڈاپور نے وفاق کی جانب سے بلائی گئی آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی)، مالاکنڈ میں ٹیکس کے نفاذ اور اے پی سی میں پی ٹی آئی کی شرکت پر برہمی کا اظہار کیا۔

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن)، پیپلز پارٹی اور وفاقی حکومت میں شامل دیگر جماعتوں نے مالاکنڈ میں ٹیکس نافذ کیا، جبکہ اب وفاق آل پارٹیز کانفرنس بلا کر اس کا بوجھ صوبائی حکومت پر ڈالنے کی کوشش کر رہا ہے۔

علی امین گنڈاپور نے سوال اٹھایا کہ پی ٹی آئی میں ایسے فیصلے کون اور کس کی مشاورت سے کر رہا ہے، اور پارٹی اے پی سی میں کس بنیاد پر شریک ہوئی۔

انہوں نے مزید کہا کہ مالاکنڈ میں ٹیکس 2018 میں نگراں حکومت کے دور میں نافذ کیا گیا تھا، تاہم پی ٹی آئی حکومت نے اقتدار میں آنے کے بعد اپنے پہلے کابینہ اجلاس میں اس معاملے کو اٹھا کر ٹیکس ختم کر دیا تھا۔

مبینہ آڈیو پیغام میں انہوں نے پارٹی قیادت سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ پارٹی، نظریے اور ان کارکنوں پر رحم کریں جنہوں نے ووٹ دے کر آپ کو پارلیمنٹ تک پہنچایا۔

نوٹ: اس خبر میں بیان کیے گئے نکات مبینہ آڈیو پیغام سے منسوب ہیں، جن کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہو سکی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close