صدر مملکت کی محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کے لیے نشانِ خدمت کی منظوری
صدر مملکت آصف علی زرداری نے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو نشانِ خدمت دینے کی منظوری دے دی ہے۔
اعلامیے کے مطابق یہ اعزاز عالمِ اسلام کے لیے نمایاں خدمات، بین المذاہب ہم آہنگی کے فروغ اور امتِ مسلمہ کے درمیان تعاون کو مضبوط بنانے میں کردار کے اعتراف میں دیا جا رہا ہے۔
صدر مملکت نے ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ کو نیشنل یونیورسٹی آف ماڈرن لینگویجز (نمل) کی جانب سے اعزازی ڈاکٹریٹ دینے کی بھی منظوری دی ہے۔ انہیں اسلامیات اور بین الاقوامی تعلقات کے شعبوں میں اعزازی ڈگری سے نوازا جائے گا۔
ڈاکٹر محمد بن عبدالکریم العیسیٰ سعودی عرب کے ممتاز مذہبی رہنما اور منتظم ہیں۔ وہ مئی 2016 سے مسلم ورلڈ لیگ (رابطہ عالم اسلامی) کے سیکرٹری جنرل کے طور پر خدمات انجام دے رہے ہیں۔
اس سے قبل وہ سعودی عرب کے وزیرِ انصاف بھی رہ چکے ہیں، جبکہ بعد ازاں انہیں شاہی دیوان میں وزیر کے درجے پر مشیر مقرر کیا گیا۔ بعد میں انہیں ڈاکٹر عبداللہ بن محسن الترکی کی جگہ مسلم ورلڈ لیگ کا سیکرٹری جنرل نامزد کیا گیا۔
ڈاکٹر العیسیٰ کو حج کے موقع پر خطبۂ عرفہ دینے کا اعزاز بھی حاصل ہے۔ انہوں نے 1443 ہجری میں مسجد نمرہ، مکہ مکرمہ میں خطبۂ عرفہ دیا، جس کے بعد وہ سعودی دور کے تیرھویں خطیبِ عرفہ بنے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






