پیپلز پارٹی رہنما غلام نبی مگسی اور اہلیہ کو قتل کردیا گیا تاہم واقعے کا مقدمہ متعلقہ تھانے میں درج کرلیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق ٹنڈو محمد خان میں پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کے مقامی رہنما غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ کے بے رحمانہ قتل کا مقدمہ درج کر لیا گیا۔
پولیس نے بتایا کہ یہ مقدمہ مقتول غلام نبی مگسی کے بھائی اکرم مگسی کی مدعیت میں ٹنڈو محمد خان کے متعلقہ تھانے میں درج کیا گیا ہے۔
درج کی گئی ایف آئی آر میں 5 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے جبکہ 2 نامعلوم ملزمان کو بھی کیس کا حصہ بنایا گیا ہے۔
پولیس حکام کا کہنا ہے کہ نامزد ملزمان میں ابراہیم مگسی، اسد مگسی اور فیاض مگسی سمیت دیگر افراد شامل ہیں، جن کی گرفتاری کے لیے پولیس کی خصوصی ٹیمیں تشکیل دے کر چھاپے مارے جا رہے ہیں۔
یاد رہے کہ گزشتہ دنوں پی پی پی رہنما غلام نبی مگسی اپنی فیملی کے ہمراہ گاڑی میں جا رہے تھے کہ گھات لگائے مسلح ملزمان نے ان کی گاڑی پر اندھا دھند فائرنگ کر دی تھی۔
فائرنگ کے اس ہولناک واقعے میں غلام نبی مگسی اور ان کی اہلیہ موقع پر ہی جاں بحق ہو گئے تھے، جبکہ گاڑی میں موجود ان کی بھتیجی شدید گولیوں کی زد میں آ کر زخمی ہو گئی تھی جو ہسپتال میں زیرِ علاج ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ دیرینہ دشمنی کا شاخسانہ معلوم ہوتا ہے، تاہم تمام زاویوں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں اور ملزمان کو جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






