اسلام آباد انتظامیہ کو صرف 3 دن کی مہلت، حکم نامہ جاری

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اسلام آباد میں بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے اہم دستاویزات فوری طور پر طلب کر لی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے وزارت داخلہ اور چیف کمشنر اسلام آباد کو ہدایت کی ہے کہ وہ تین روز کے اندر ٹاؤن کارپوریشنز کی حدود سے متعلق نوٹیفکیشن فراہم کریں۔ کمیشن نے ہر ٹاؤن کارپوریشن میں یونین کونسلز کی تعداد کا نوٹیفکیشن بھی فوری طور پر جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

اس کے علاوہ مردم شماری کے چارجز، سرکلز اور بلاکس پر مشتمل ٹاؤن کارپوریشنز کے مصدقہ نقشے بھی طلب کیے گئے ہیں تاکہ حلقہ بندیوں کا عمل جلد مکمل کیا جا سکے۔

الیکشن کمیشن کے مطابق 13 مئی کو ہونے والے اجلاس میں اسلام آباد انتظامیہ کو مطلوبہ دستاویزات فراہم کرنے کے لیے 10 دن کا وقت دیا گیا تھا، تاہم مقررہ مدت گزر جانے کے باوجود ریکارڈ فراہم نہیں کیا گیا۔ آج ہونے والے اجلاس میں کمیشن نے ایک بار پھر تمام متعلقہ دستاویزات تین روز کے اندر جمع کرانے کی ہدایت جاری کی۔

الیکشن کمیشن نے کہا کہ اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات کے لیے حلقہ بندیوں کا عمل مطلوبہ دستاویزات کی عدم فراہمی کے باعث تعطل کا شکار ہے۔ کمیشن نے متعلقہ اداروں پر زور دیا کہ قائمہ کمیٹی میں زیر غور مسودہ قانون سازی اور وفاقی کابینہ کی جانب سے قواعد میں مجوزہ ترامیم کے عمل کو بھی جلد مکمل کیا جائے تاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی راہ ہموار ہو سکے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close