اسلام آباد: وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت کے ساتھ جو پچھلی بار ہوا، شاید اس سے انہیں تسلی نہیں ہوئی، تاہم اگر دوبارہ کسی مہم جوئی کی کوشش کی گئی تو پاکستان پہلے سے زیادہ مؤثر اور سخت جواب دے گا۔
بھارتی آرمی چیف کے حالیہ بیان پر ردعمل دیتے ہوئے خواجہ آصف نے کہا کہ بھارت گزشتہ کشیدگی کے دوران اپنی غلطیوں کے نتائج بھگت چکا ہے اور آج بھی اس ناکامی کی سیاسی اور عسکری سطح پر قیمت ادا کر رہا ہے۔
انہوں نے الزام عائد کیا کہ بھارت افغانستان کے ذریعے پاکستان کے خلاف پراکسی جنگ میں ملوث ہے، تاہم پاکستان ایسے تمام چیلنجز سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بھارت اگر دوبارہ کسی مہم جوئی کا شوق پورا کرنا چاہتا ہے تو کر لے، پاکستان کی مسلح افواج ہر محاذ پر بھرپور جواب دینے کے لیے تیار ہیں۔
وزیر دفاع نے کہا کہ پاک فوج بھارت کو ماضی سے بھی زیادہ مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتی ہے اور قومی سلامتی کے دفاع کے لیے ہر ممکن اقدام کیا جائے گا۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز بھارتی آرمی چیف نے ایک بیان میں اعتراف کیا تھا کہ جدید جنگی ماحول میں معلومات کو مکمل طور پر خفیہ رکھنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے کہا تھا کہ موجودہ دور میں میدان جنگ کی تقریباً ہر نقل و حرکت مخالف فریق کی نظر میں ہوتی ہے، جس کے باعث عسکری منصوبہ بندی اور معلومات کے تحفظ کے حوالے سے نئے چیلنجز سامنے آ رہے ہیں۔
بھارتی آرمی چیف نے اپنے بیان میں عسکری تیاری، بین الادارہ جاتی ہم آہنگی اور انفارمیشن آپریشنز کے شعبوں میں درپیش مشکلات کا بھی ذکر کیا تھا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






