کراچی: کے الیکٹرک کی مین کیبل میں فنی خرابی کے باعث حب پمپنگ اسٹیشن کو بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی، جس کے نتیجے میں شہر کو یومیہ 85 ملین گیلن (85 ایم جی ڈی) پانی کی فراہمی متاثر ہو گئی ہے۔
کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کے مطابق حب پمپنگ اسٹیشن پر کے الیکٹرک کی مین کیبل میں فالٹ آنے کے باعث اچانک بجلی بند ہوگئی، جس سے پانی کی ترسیل کا نظام متاثر ہوا اور شہر کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔
واقعے کے فوراً بعد کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن کی جانب سے رابطہ کرنے پر کے الیکٹرک کی تکنیکی ٹیم موقع پر پہنچ گئی اور صورتحال کا جائزہ لیا۔ ابتدائی معائنے میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ پمپنگ اسٹیشن کو بجلی فراہم کرنے والی مرکزی کیبل میں خرابی پیدا ہونے کے باعث بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی۔
کے الیکٹرک کی ٹیم کی جانب سے فالٹ کی نشاندہی اور مرمت کا کام تیزی سے جاری ہے، جبکہ کراچی واٹر اینڈ سیوریج کارپوریشن بھی صورتحال کی مسلسل نگرانی کر رہی ہے تاکہ پانی کی فراہمی کو جلد از جلد معمول پر لایا جا سکے۔
حکام نے امید ظاہر کی ہے کہ بجلی کی بحالی کے بعد پمپنگ اسٹیشن دوبارہ فعال ہو جائے گا اور شہر میں پانی کی سپلائی بتدریج معمول پر آنا شروع ہو جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں






